جنرل ہسپتال ، ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی سہولت کیلئے ایکسرے کی سہولت ان کے بیڈ پر فراہم کر دی گئی

جمعہ 26 ستمبر 2014 16:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر۔2014ء) جنرل ہسپتال انتظامیہ نے ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی سہولت کے لئے ایکسرے کی سہولت ان کے بیڈ پر فراہم کر دی ہے تا کہ وہ مشکلات کا شکار نہ ہوں جبکہ عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران ایمرجنسی میں ڈینگی مریضو ں کے علاج ورہنمائی کے لئے قائم کاؤنٹر پر 24 گھنٹے ڈاکٹر ، نرسیں اورپیرا میڈکس موجود رہیں گے ۔

اس امر کا اظہار پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پروفیسر آغا شبیر علی ، ایم ایس ڈاکٹر پرویز امتیاز، ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر منور علی، اے ایم ایس آوٴٹ ڈور ڈاکٹر منزہ کوکب سمیت دیگر شعبوں کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ سماجی تنظیموں ، علماء کرام اور میڈیا نے ڈینگی کے خلاف شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ اس سال ڈینگی کے رپورٹ ہونے والے مریضو ں کی تعداد زیادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم، ڈاکٹروں کی پیشہ وارانہ مہارت اور نرسنگ سٹاف کی بہتر دیکھ بھال کی بدولت ایل جی ایچ میں زیر علاج ڈینگی کے تمام مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو واپس جا چکے ہیں ۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے طب سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ ڈینگی کی طرح پولیو کے خلاف بھی بھرپور مہم چلائیں۔

انہوں نے کہا کہ والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں ۔ پرنسپل نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی صورتحال پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے متعلقہ شعبوں پر زور دیا کہ وہ ادارے میں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صفائی کے عمل کی اعلی معیار قائم کریں تا کہ ہسپتال آنے والے مریض اور ان کے لواحقین خوشگوار ماحول میں طبی سہولیات حاصل کر سکیں ۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے تربیتی ورکشاپس اور سیمینار ز کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :