ڈینگی کے مکمل خاتمے کیلئے سب کو مل کر مربوط کوششیں کرنا ہونگی، ملک خادم حسین جیلانی

جمعہ 26 ستمبر 2014 16:02

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر۔2014ء) قائمقام ڈی سی او ملک خادم حسین جیلانی نے کہا ہے کہ ڈینگی کے مکمل خاتمہ کیلئے ہم سب کو ملکر مربوط کوششوں اور ٹھوس اقدامات کے علاوہ صاف ستھرے ماحول کی ضرورت و اہمیت ست متعلق عوامی شعور بھی بیدار کرنا ہے۔ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی سربراہی میں اینٹی ڈینگی سکواد اور سپیشل سرویلنس ٹیمیں ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں مکینیکل طریقہ جات اپنا کر ڈینگی لاروا کی ممکنہ افزائش والی جگہوں کی فوری تلفی کیساتھ ساتھ سپرے بھی کر رہی ہیں۔

کمیونٹی کی بھرپور شمولیت اور تشہیری ذرائع برؤے کار لاکر ڈینگی کا مکمل خاتمہ یقینی ہے جس کیلئے جامع پلان وضع کر لیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار قائمقام ڈی سی او ملک خادم حسین جیلانی نے ضلع بھر میں جاری اینٹی ڈینگی مہم سے متعلق پیشرفت،انتظامات و اقدامات اور دیگر متعلقہ امور کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز،ٹی ایم اوز سمیت لائیو سٹاک،ہیلتھ،زراعت، ایجوکیشن اور دیگر ضلعی و صوبائی محکموں کے انتظامی افسران نے شرکت کی۔

قائمقام ڈی سی او ملک خادم حسین جیلانی نے چاروں تحصیلوں کے ایڈمنسٹریٹرز اور ٹی ایم اوز کو اپنی متعلقہ حدود میں قبرستانوں،پارکوں،کباڑخانوں، نرسریوں،فیکٹریوں، ٹائرشاپس کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کرنے کے علاوہ صبح و شام کے اوقات میں مختلف عوامی مقامات اور رہائشی علاقوں میں مچھرمار سپرے کرنے کے بھی احکامات جاری کیئے۔انھوں نے انتظامی افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دائرہ کار میں ڈینگی کے خاتمہ،بچاؤ اور حفاظتی تدابیر اپنائے جانے سے متعلق قابل عمل تجاویز و اقدامات کو یقینی بنائیں۔

قائمقام ڈی سی او ملک خادم حسین جیلانی نے سکولوں اور کالجز میں طلباء کو ڈینگی کی علامات،تشخیص اور دیگر معلومات سے آگاہی کیلئے زیرو پیریڈ شروع کرنے اور انھیں صاف ستھرے ماحول کا عادی بنانے کیلئے باقاعدہ ٹریننگ سیشن کے آغاز کی بھی ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :