جعفرآباد میں محکمہ صحت کی انتھک محنت سے پولیو کا خاتمہ کیا گیا،

دیگر شہروں اور صوبوں سے عوام کی نقل و حمل کے باعث احتیاطی طور پر پولیو مہم چلائی جارہی ہے، ڈپٹی کمشنر جعفر آباد

جمعہ 26 ستمبر 2014 18:53

جعفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر 2014ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد زید بن مقصود نے کہا ہے کہ جعفرآباد میں محکمہ صحت کی انتھک محنت سے پولیو کا خاتمہ کیا گیا تاہم دیگر شہروں اور صوبوں سے عوام کے نقل و حمل کے باعث احتیاطی طور پر پولیو مہم چلائی جارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اللہ یار میں تین روزہ قومی پولیو مہم کے افتتاح پر ایک کمسن بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر یعقوب غرشین،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جمال الدین جمالی، پی پی ایچ آئی کے ڈی ایس ایم محمد سلیم کھوسہ ودیگر بھی موجود تھے۔

جعفرآباد میں پیدائش سے لیکر پانچ سال تک کی عمر کے ایک لاکھ چھیاسٹھ ہزار دو سو ستاسی بچوں کو پولیو سے بچاؤکیلئے پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے تاکہ نئی نسل کو صحت مند بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع جعفرآباد میں تین روزہ قومی پولیو مہم کے سلسلے میں محکمہ صحت کی جانب سے 474میل اور فی میل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جوکہ تمام سرکاری اور غیر سرکاری اسکولوں اور گھروں میں جاکر پیدائش سے لیکر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائیں گی۔

زید بن مقصود نے کہا کہ گزشتہ تین سال سے ضلع جعفرآباد میں پولیو کا ایک بھی کیس رونما نہیں ہوا اور جعفرآباد مکمل طور پر پولیو فری ضلع بن چکا ہے۔تاہم جیکب آباد، ڈیرہ مرادجمالی،شہداد کوٹ، سوئی اور دیگر سرحدی شہروں اور صوبوں سے عوام کے نقل و حمل کے باعث احتیاطی طور پر پولیو مہم چلائی جارہی تاکہ دیگر شہروں سے آنے والے افراد کی وجہ سے جعفرآباد میں دو بارہ پولیو نہ پھیل سکے۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں حصہ لینا ہم سب کی ذمہ داری تاکہ ہمارے کمسن بچے پولیو جیسی خطرناک اور جان لیوا بیماری سے محفوظ رہ سکیں ۔

متعلقہ عنوان :