مقبوضہ کشمیر‘ سیلاب کے باعث کاروباری طبقہ شدید متاثر

ہفتہ 27 ستمبر 2014 14:36

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2014ء ) مقبوضہ کشمیرمیں شدید سیلاب کے باعث کاروباری طبقہ بھی بڑے پیمانے پر متاثر ہوا ہے۔ مقبوضہ وادی میں دکانداروں کی نمائندہ انجمن ”کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن “ کے مطابق صرف سرینگر شہر میں سیلاب کی وجہ سے 10ہزار سے زائد دکانیں متاثر ہوئی ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شہر کے بڑے بڑے کاروباری مراکز جہاں عام حالات میں لوگوں کی انتہائی چہل پہل اور رش ہوتا تھا ، اب ویرانی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بڈشاہ چوک،اوقاف مارکیٹ ،ریڈ کراس مارکیٹ ،مائسمہ ، گاؤکدل ، ایکسچینج روڑ ، پلیڈیم گلی، آفتاب مارکیٹ ،کے ایم ڈی مارکیٹ اور دیگر بازار سخت متاثر ہوئے ہیں۔ بازار تباہ ہونے کے باعث پچاس ہزار سے زائد نوجوانوں کا روزگار بھی متاثر ہو ا ہے۔ سرینگر شہر کے مرکزی کاروباری مرکز لالچوک اور اس سے ملحقہ بازاروں میں جو تباہی ہوئی ہے وہ ناقابل تلافی لگ رہی ہے۔جگمگاتے بازاروں میں اب ویرانی چھائی ہوئی ہے۔کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن نے دیگر انجمنوں کے ساتھ مل کرسروے کا کام شروع کر دیا ہے جس کے بعد نقصانات بارے اعداد وشمار رڈویڑنل کمشنر اور ریلیف کمشنر کو پیش کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :