پولیو کے مزید تین کیسز کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد رواں برس تعداد 174 تک جاپہنچی

کے پی کے ضلع تورغر کی یونین کونسل مداخیل کے گاؤں کی تین سالہ بچی کو اس مرض نے ہمیشہ کے لیے معذور بنادیا ای پی آئی کا پولیو کیسز کی تعداد میں اضافے پر ملک گیر انساد پولیو مہم 29ستمبر سے شروع کرنے کا فیصلہ

اتوار 28 ستمبر 2014 16:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹاخبار تاز ترین ۔28ستمبر 2014ء) پولیو کے مزید تین کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد رواں برس یہ تعداد 174 تک جاپہنچی ہے۔قومی ادارہ صحت نے پولیو کے مزید تین کیسز کی تصدیق کی اور وزیراعظم کے پولیومانیٹرنگ سیل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور فاٹا میں ایک، ایک کیس سامنے آیا ۔عہدیدار کے مطابق کے پی کے ضلع تورغر کی یونین کونسل مداخیل کے ایک گاؤں کی تین سالہ بچی کو اس مرض نے ہمیشہ کے لیے معذور بنادیا ہے۔

اسی طرح خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ کی بارہ ماہ کی بچی اور بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ کا بارہ ماہ کا بچہ پولیو کا شکار بنا۔عہدیدار نے بتایا کہ کے پی اور بلوچستان میں والدین نے طبی ٹیموں کو اپنے بچوں کو ویکسین پلانے کی اجازت نہیں دی تھی جس کے باعث وہ اس مرض کا شکار ہوئے، فاٹا میں جون 2012 کے بعد سے طالبان کی پابندی کے بعد سے انسداد پولیو مہم کا انعقاد نہیں ہوسکا ۔

(جاری ہے)

عہدیدار نے بتایا کہ اس سال اب تک 122 پولیو کیسز فاٹا سے سامنے آئے ہیں، خیبرپختونخوا میں تیس، سندھ میں پندرہ، بلوچستان میں پانچ اور پنجاب میں دو بچے اس کا شکار بنے ہیں۔عہدیدار نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ہر سال پولیو کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، 2012 میں 58 اور 2013 میں 93 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ای پی آئی کے نیشنل منیجر ڈاکٹر رانا صدر نے بتایا کہ پولیو کیسز کی تعداد میں اضافے پر ملک گیر انساد پولیو مہم 29ستمبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ تین روزہ مہم کے دوران ساڑھے تین کروڑ کے قریب بچوں کو ویکسین پلائی جائیگی اس حوالے سے ای پی آئی کے دفتر میں ایک کنٹرول روم قائم کردیا گیا جہاں زیادہ خطرے والے علاقوں کو کور کرنا یقینی بنایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :