صوبائی حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کیلئے صحت کے شعبہ کو 121ارب روپے فراہم کئے ہیں

پیر 29 ستمبر 2014 16:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) وزیرایکسائز و ٹیکسیشن، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے صحت کے شعبہ کو 121ارب روپے فراہم کئے ہیں اور ترقی پذیر اضلاع خصوصا جنوبی پنجاب کے علاقوں کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹس فراہم کرنے کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں-انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم کے لئے274ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 52ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز ،لیڈی ہیلتھ سپروائزرزاور متعلقہ عملے کو مستقل کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے زچہ و بچہ کی شرح اموات میں کمی لانے کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکرز سکون سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں گی اور یہ فیصلہ خصوصاً دیہی علاقوں میں صحت کی بنیادی ضروریات کی فراہمی اور ویکسینیشن کی 100فیصد کوریج یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

اپنی رہائش گاہ پر لیڈی ہیلتھ ورکرزو خواتین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز و ویزیٹرز اور پیرامیڈکس کے کردار کو مزیدفعال بنایا جائے گا کیونکہ ہر 10 ہزار ماؤں میں سے 500 مائیں دوران زچگی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں،اسی طرح 1000 بچوں میں سے 77 بچے دوران پیدائش وفات پا جاتے ہیں -انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں کوطبی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے 1.80۔

ارب رو پے کے فنڈز فراہم کئے ہیں جبکہ صوبہ میں بچوں کے نئے تین ہسپتال قائم کرنے کے لئے12ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ4ارب روپے سے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کی جارہی ہے۔ جس کی بدولت کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں بھی علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں- انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ افراد کو صحت کی معیاری سہولیات و ادویات کی بلا معاوضہ فراہمی کے لئے8ارب 75 کروڑ روپے فراہم کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ گردے کے مریضوں کے لئے ڈائلسز کی سہولت برقرار رکھی گئی ہے جس کے لئے 60 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔