صحت مند ذہن کیلئے صحتمند جسم کا وجود ضروری ہے، میجر جنرل ریٹائرڈ حامد شفیق

پیر 29 ستمبر 2014 17:00

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) گومل یو نیو رسٹی کے وائس چانسلر میجر جنرل (ر) حامد شفیق ہلال امتیاز ملٹری نے کہا ہے کہ صحت مند زہن کیلئے صحت مند جسم کا وجود ضروری ہے، گومل یو نیو رسٹی میں ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے طلبہ میں کھیلوں کے مقابلہ جات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ طلبہ میں سپورٹس مین سپرٹ پیدا ہو اور وہ زہنی و جسمانی آسودگی کیساتھ اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز رکھ سکیں ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈیپارٹمنٹ آف سپورٹس سائنس اینڈ فزیکل ایجوکیشن کے دورہ کے موقع پر کیا، شعبہ کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر صلاح الدین خان نے اس موقع پر وائس چانسلر کو شعبہ کی کارکردگی، مستقبل کے منصوبہ جات سے متعلق بریفنگ دی، یو نیو رسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر حاجی محب اللہ خان بھی اس موقع پر موجود تھے، وائس چانسلر نے کہا کہ اس خطہ کے طلبہ میں جہاں علمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کی صلاحیت موجود ہے وہیں ہمارے طلبہ کی اگر سرپرستی کی جائے تو کھیلوں کے میدان میں بھی ہم پورے ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میری یہ کوشش ہے کہ ہر میدان میں گومل یو نیو رسٹی کے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے اور اس ضمن میں بھرپور کام کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ہم نے اس یو نیو رسٹی کی بقاء کیلئے جنگی بنیادوں پر خلوص نیت سے کام کرنا ہوگا، انہوں نے شعبہ کی زیر نگرانی علمی کاوشوں کو بھی سراہا اور اس ضمن مین شعبہ کے سربراہ کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔