کراچی، قومی تین روزہ انسداد پولیو مہم ضلع وسطی کی تمام یونین کونسلز میں بھرپور طریقے سے شروع ہوگئی

پیر 29 ستمبر 2014 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) قومی تین روزہ انسداد پولیو مہم ضلع وسطی کی تمام یونین کونسلز میں بھرپور طریقے سے شروع ہوگئی ہے۔ مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر ساڑھے 3لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے اور وٹامن اے کی خوراک دی جائے گی۔ پیر کومہم کے پہلے روز ڈپٹی کمشنر وسطی ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بچوں کو پولیو وائرس سے بچانے کی قومی مہم ضلع بھرکے تمام سب ڈویژنز کی 42 یونین کونسلز میں بھرپور سکیورٹی میں شروع کر دی گئی ہے جو یکم اکتوبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران گلبرک ڈویژن میں 8یونین کونسل میڈیکل آفیسر، 245 پولیو ٹیمیں اور 49ایریا انچارجز، نارتھ کراچی میں 13 یوسی میڈیکل آفیسرز، 343پولیو ٹیمیں اور 68 ایریا انچارجز، نارتھ ناظم آباد میں 9 یو سی میڈیکل آفیسرز، 262 پولیو ٹیمیں اور 53 ایریا انچارجز، لیاقت آبادمیں11 یوسی میڈیکل آفیسرز، 277پولیو ٹیمیں اور 55ایریا انچارجز حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مہم میں 1125 موبائل ٹیمیں بھی شریک ہوں گی۔ ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے بتایا کہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 5 سال سے کم عمر ساڑھے 3 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے اور وٹامن اے کی خوراک پلائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر وسطی نے والدین اور بچوں کے سرپرستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے 5 سال سے کم عمر تمام بچوں کو معذوری پیدا کرنے والی اس بیماری سے بچاوٴ کے قطرے ہر بار لازمی پلوائیں۔

متعلقہ عنوان :