امریکا میں ایبولا کے پہلے مریض کی تشخیص

بدھ 1 اکتوبر 2014 11:24

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء)امریکا میں پہلی مرتبہ کسی مریض میں ایبولا وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ بیماریوں کی روک تھام کے امریکی ادارے’سی ڈی سی‘ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متاثرہ شخص کا ڈیلاس میں علاج جاری ہے۔امریکی محکمہ صحت نے تصدیق کر دی ہے کہ ایبولا کا پہلا کیس ڈیلاس میں ہی سامنے آیا ہے۔ ایک بیان میں مزید بتایا گیا کہ متاثرہ شخص کو تنہائی میں رکھا گیا ہے۔

مریض کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں تاہم صرف اتنا ہی معلوم ہو سکا ہے کہ ایبولا کا شکار ایک بالغ شخص ہے۔ اس سے قبل ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس کے ایک ہسپتال نے کہا تھا کہ ایبولا وائرس کے شبے میں ایک مریض کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ وائٹ ہاوٴس نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما کو اس حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایبولا وائرس سے مغربی افریقی ممالک سیرا لیون، گینی اور لائبیریا میں تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور خطے کا دورہ کرنے والے متعدد امریکیوں کے بھی ایبولا سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

سی ڈی سی کے مطابق امریکا میں 27 جولائی سے لے کر اب تک ایبولا کے حوالے سے 12 افراد کے معائنے کیے جا چکے ہیں اور تمام ٹیسٹ کا نتیجہ منفی ہی نکلا۔ اس ادارے نے مزید بتایا کہ مغربی افریقہ میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے چار امریکی امدادی کارکن ایبولا کا شکار ہو گئے تھے اور اٹلانٹا اور نیبراسکا کے ہسپتالوں میں ان افراد کا علاج خصوصی وارڈز میں جاری ہے۔ اسی طرح ایک امریکی ڈاکٹر پر بھی شبہ ہے کہ سیرا لیون میں کام کرتے ہوئے وہ اس وائرس میں مبتلاء ہو گیا ہے اور وہ بھی انہی ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہے۔