صحت مند دل کی موجودگی پورے جسم انسانی کی صحت کی ضمانت ہے ۔ڈاکٹر قیس

بدھ 1 اکتوبر 2014 13:39

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء)راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹر قیس محمود نے کہا ہے کہ دل کی صحت برقرار رکھنے کے لیے ورزش اور چہل قدمی کو معمول بناتے ہوئے غذائی احتیاط اختیار کی جائے ۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ متوازن غذا ،سگریٹ نوشی سے پرہیز اور دیگر احتیاطی تدابیر سے دل کو صحت مند رکھا جا سکتا ہے اور صحت مند دل کی موجودگی پورے جسم انسانی کی صحت کی ضمانت ہے ۔

ڈاکٹر قیس نے بتایا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے 2012میں اپنے قیام سے لے کر اب تک 1000 سے زائد اوپن ہارٹ سرجری ،3000اینجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کے کامیاب آپریشن کیے ۔میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹر قیس محمود نے کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے نہ صرف راولپنڈی کے مریض بلکہ دوردراز کے مریض بھی اس ہسپتال سے مستفید ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ ہسپتال پبلک سیکٹر میں گراں قدر خدمات کا حامل تصور کیا جاتا ہے 272بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال جدید ترین طبی آلات اور مشینری سے مزین ہے ان میں سے 48بسترے ایمرجنسی مریضوں کے لیے ہیں جو کہ پاکستان میں دل کے امراض کے لیے سب سے بڑی ایمرجنسی ہے یہاں پر نہ صرف غرباء اور مستحق افراد کا علاج کیا جاتا ہے بلکہ امراء ،سفراء اور وزراء جن میں اسحاق ڈار ،سرتاج عزیز ،زاہد حامد ،صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب ،سپریم کورٹ و ہائی کورٹس کے ججز بھی اس ہسپتال میں زیر علاج رہ چکے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے یہ ہسپتال صرف غرباء کی خدمت کے جذبے سے تعمیر کیا ہے ۔یہاں پر غریبوں کو بلامعاوضہ اعلی طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ۔انہوں نے واضح کیاکہ ہسپتال کی ایمرجنسی کے کسی قسم کے چارجز نہیں ہیں ۔پاکستان بیت المال اور زکواة عطیات اور ہسپتال کے اپنے ذرائع بھی ہسپتال کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ زچہ بچہ کی پاکستان میں شرح اموات بہت زیادہ ہیں اس شرح پر قابو پانے کے لیے دل کے مرض میں مبتلا حاملہ خواتین کا علاج بھی اس ہسپتا ل میں بالکل مفت کیاجاتا ہے ۔