ڈرگ رجسٹریشن بورڈ کا 245واں اجلاس‘ غیر معیاری ادویات تیار کرنے میں ملوث 6مینو فیکچررز کو حتمی نوٹس جاری

بدھ 1 اکتوبر 2014 14:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء) ڈرگ رجسٹریشن بورڈ کا 245واں اجلاس وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اور کوارڈی نیشن کے کمیٹی روم میں ڈائریکٹر فارما سیوٹیکل (ویلیویشن اینڈ رجسٹریشن) غلام رسول دوتانی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ جس میں طبی اور ادویات سازی کے شعبہ کے ماہرین سمیت لیفٹیننت جنرل ریٹائرڈ کرامت احمد کرامت ، پروفیسر ڈاکٹر مزمل حسن نجمی، بریگیڈئیر ڈاکٹر اسلم خان، پنجاب، سندھ ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے ڈائریکٹر ڈرگ ٹیسٹنگ لبارٹریز اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں پاکستان فارما سیوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن ، فارما بیورو اور پاکستان کیمسٹ ایند ڈرگسٹس ایسوسی ایشن بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

دو روزہ اجلاس میں بورڈ نے رجسٹریشن اور ادویات سازی کے معیار کو کنٹرول کرنے اور مقامی مینو فیکچررز کے تیارکردہ طبی آلات کے ساتھ درآمدی مصنوعات کے معیار پر غورو خوض کیا ۔ اجلاس کے دوران ادویات سازی کے نئے یونٹس کے لائسنسوں اضافی شعبوں اور پہلے سے لائسنس یافتہ ادویات ساز اداروں کی رجسٹریشن بارے غورو خوض کیا گیا ۔

بورڈ نے تقریباً200مصنوعات کی رجسٹریشن کی منظوری دی ۔ بورڈ نے ہیپا ٹآئیٹس سی کے علاج میں استعمال ہونے والی حالیہ متعارف شدہ نئی دوائی سوفوس بوولیٹر گولی کی بھی منظوری دی اور اس دوائی کی منظوری مہلک بیماری کے علاج میں بڑی اہم پیش رفت ہے۔ رجسٹریشن بورڈ نے غیر معیاری ادویات کے معاملات پر بھی غور کیا اور ان ادویات کی تیاری کرنے والوں کا موقف سننے کے بعد 2کی رجسٹریشن معطل کر دی اور غیر معیاری ادویات تیار کرنے میں ملوث 6مینو فیکچررز کو حتمی نوٹس جاری کر دئیے ۔ بورڈ نے ان غیر معیاری ادویات کے تمام بیچز مارکیٹ سے واپس اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔