ملکی معیشت کی بہتری،پائیداری اور اسے مزید مستحکم بنانے کیلئے مزدور طبقہ کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے‘ملک خادم حسین

بدھ 1 اکتوبر 2014 14:12

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء)قائمقام ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر ملک خادم حسین جیلانی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری،پائیداری اور اسے مزید مستحکم بنانے کیلئے مزدور طبقہ کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے ۔گورنمنٹ کی واضح ہدایات کی روشنی میں نئے نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھر کے بھٹہ جات پہ کام کرنیوالے مزدوروں کی متعین کردہ اجرت کی فراہمی کو ممکن بناتے ہوئے قانون کی عملداری کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

بھٹہ مالکان و مزدوروں کے مابین اعتماد کی فضاء قائم رکھنے اور خوشگوار،مضبوط و مثالی تعلقات کے فروغ کیلئے آپس کے کاروباری اختلافات کو باہمی رضامندی و گفت و شنید کے ذریعہ حل کرکے امن و امان کی قابل رشک صو رتحال برقرار رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار قائمقام ڈی سی او ملک خادم حسین جیلانی نے کمیٹی روم میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرڈی او لیبر سعید احمد ڈھلوں ،صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب میاں منظور احمد ناز سمیت مزدور یونین و مالکان بھٹہ جات کے نمائندوں،سول سوسائٹی کے اراکین و متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر سعید احمد ڈھلوں نے اجلاس کو بھٹہ مزدوروں کی فلاح و بہبود سے متعلق بنائے جانیوالے قوانین،کم سے کم تنخواہ کا تعین اور سوشل سیکیورٹی کارڈز کے اجراء بارے کیئے جانیوالے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

قائمقام ڈی سی او ملک خادم حسین جیلانی نے بھٹہ مالکان اور مزدور نمائندوں سے ان کے درپیش مسائل و شکایات کو سنا اور ان کے بہتر حل کیلئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں۔ قائمقام ڈی سی او ملک خادم حسین جیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کے کوائف اور معاوضہ کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کرنے اورانھیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کی خدمات و محنت کو دائرہ کار میں لایا جاسکے۔

انھوں نے بھٹہ مالکان اور مزدوروں کے مابین معمولی نوعیت کے دیگر مسائل کے احسن و بہتر حل کیلئے ڈی او لیبر اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ میرے آفس کے دروازے ہمیشہ عوام کیلئے کھلے ہیں کیونکہ عوام کی خدمت اور قانون کی پاسداری ہم سب کا فرض ہے۔