محتسب پنجاب کی مداخلت پر انسدادڈینگی مہم پرمامور ملازمین کو تین ماہ سے رکی تنخواہو ں کی ادائیگی شروع

بدھ 1 اکتوبر 2014 16:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء) محتسب پنجاب جاوید محمود کی مداخلت پر صوبے کے 6اضلاع میں انسداد ڈینگی مہم میں شریک 2589اہلکاروں کو تین ماہ سے رکی تنخواہوں کی ادائیگی شروع ہو گئی ہے اورمحکمہ صحت پنجاب نے اس ضمن میں جون 2015تک کی تنخواہوں کا بجٹ متعلقہ مجاز افسران کو ریلیز کردیا ہے ،عیدالاضحی سے قبل سے تنخواہوں کی ادائیگی ممکن بنانے پر ڈینگی مہم میں شریک اہلکاروں نے محتسب پنجاب کافیس بک پر شکایت کا نوٹس لے کرقانونی حق دلانے کا شکریہ ادا کیا ہے اورکہا ہے کہ تنخواہیں ملنے کی وجہ سے ان کی عید سے پہلے عید ہوگئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ ، راولپنڈی ، ملتان ، شیخوپورہ اورفیصل آباد کے اضلاع میں انسدادڈینگی مہم کیلئے کام کرنے والے ملازمین نے فیس بک کے ذریعے محتسب پنجاب سے اپیل کی تھی کہ انہیں تین ماہ سے تنخواہوں محروم رکھا جارہا ہے اور عیدالفطر کے موقع پر بھی انہیں تنخواہیں نہیں دی گئی تھیں جبکہ عیدالاضحی بھی تنخواہوں کے بغیر ہی گذرنے کا خدشہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے کے 6اضلاع میں 2589 ملازمین دلجمعی سے انسداد ڈینگی مہم کیلئے کام کررہے ہیں اوراس ضمن میں آمدورفت کیلئے اخراجات بھی اپنی جیب سے ادا کررہے ہیں ۔ملازمین نے اپیل میں وضاحت کی کہ انسداد ڈینگی مہم کیلئے کام کرنے والوں میں انٹمالوجسٹ، انوائرنمنٹ انسپکٹرز، پروگرام منیجرز، سپروائزرز، کمپیوٹر ٹیکنیشنزاورروزانہ گھر گھر جاکر ڈینگی سرویلینس پر مامور خواتین کی کثیر تعداد شامل ہے۔

انسداد ڈینگی مہم کیلئے کام کرنیو الے ملازمین نے کہا کہ انہوں نے اپنی تنخواہوں کیلئے تمام متعلقہ حکام سے رابطہ کیا لیکن کسی نے بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا اس کے باوجود وہ دن رات کام کررہے ہیں اورحکومت ان کی خدمات کا اعتراف بھی کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کی دوسری عید بھی تنخواہوں کے انتظار میں گذرگئی تو یہ بڑی بدقسمتی ہوگی۔

محتسب پنجاب جاوید محمود نے کہا کہ ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی مجاز افسران کی ذمہ داری ہے اور انسدادڈینگی مہم کیلئے کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں کی تین ماہ سے عدم ادائیگی بدانتظامی کے زمرے میں آتی ہے ۔انہوں نے ایڈوائزر وزیراحمد قریشی کو تنخواہوں کا معاملہ عید سے قبل حل کرانے کی ہدایت کی تھی تاکہ ملازمین عیدالاضحی اطمینان سے منا سکیں۔وزیراحمد قریشی کی مسلسل کوششوں کے بعد محکمہ صحت پنجاب نے ڈیگی سٹا ف کو واجبات سمیت تنخواہوں کی ادائیگی شروع کردی ہے اورجون 2015تک کی تنخواہوں کی رقم متعلقہ مجاز افسران کو ریلیز کردی ہے

متعلقہ عنوان :