کراچی،تین روزہ انسداد پولیو مہم ضلع وسطی میں کامیابی سے مکمل

بدھ 1 اکتوبر 2014 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء) قومی تین روزہ انسداد پولیو مہم ضلع وسطی میں کامیابی سے مکمل کر لی گئی ۔ مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر تقریباساڑھے 3لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے اور وٹامن اے کی خوراک دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی ڈاکٹر سید سیف الرحمان کے مطابق ضلع کے تمام علاقوں میں انسداد پولیو مہم کامیاب رہی۔ مہم کے دوران 245 پولیوٹیموں نے گلبرگ سب ڈویژن میں 69 ہزار 130، نارتھ کراچی میں 343 ٹیموں نے ایک لاکھ 18 ہزار 767، لیاقت آباد میں 305 ٹیموں نے 82ہزار 755، نارتھ ناظم آباد میں 265 ٹیموں نے 67 ہزار 190 بچوں کو پولیو کی بیماری سے بچاوٴ کے لیے قطرے پلائے اور وٹامن اے کی خوراک دی۔

ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے بتایا کہ ضلع میں کچھ انکاری والدین بھی تھے جو پہلے اپنے بچوں کو قطرے نہیں پلوا رہے تھے لیکن بعد میں انہیں بھی راضی کر کے ان کے بچوں کو قطرے پلائے گئے۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر ضلع وسطی کی 42 یونین کونسلز میں 1158 پولیو ٹیموں نے 270ایریا انچارجز کی مدد سے 3 لاکھ 37 ہزار 842 بچوں کو قطرے پلائے۔ ڈپٹی کمشنر وسطی نے اس موقع پر پولیس ، صحت اور دیگر محکموں کے علاوہ والدین کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ اب ایک قومی ذمہ داری بن گئی ہے جس کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار لازمی ادا کرنا ہے ورنہ ملک کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :