صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری حکومتی اقدامات، سیکیورٹی اداروں کی کاوشوں ،عوام کے تعاون کا نتیجہ ہے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی حکومت پولیس ،انتظامیہ میں سیاسی عدم مداخلت کی پالیسی پر قائم ہے،روزگار ، تعلیم، صحت کی سہولیات کی فراہمی ، معیشت کی بہتری کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں ،وزیراعلیٰ بلوچستان

بدھ 1 اکتوبر 2014 19:59

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1اکتوبر۔2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری صوبائی حکومت کے اقدامات، پولیس، لیویز، انتظامیہ ،فورسز کی انتھک کاوشوں اور عوام کے تعاون کا نتیجہ ہے، جن علاقوں میں پولیس، لیویز اور فورسز کے درمیان موثر رابطہ کاری کا نظام موثر بنایا گیا وہاں بہتر نتائج سامنے آئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، سیکریٹری داخلہ محمد اکبر حسین درانی، پرنسپل سیکریٹری محمد نسیم لہڑی ، قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس احسن محبوب اور ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈئیر طاہر نے شرکت کی، اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں گذشتہ سال کی نسبت نمایاں بہتری آئی ہے، دہشت گردی، فرقہ وارانہ تشدد، قتل، ڈکیتی ، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے، اجلاس کو امن و امان کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور مستقبل کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ عام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں انصاف کی فراہمی کے لیے قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، صوبائی حکومت کا امن و امان کی بحالی اولین ترجیح ہے، صوبائی حکومت پولیس اور لیویز کے استعداد کار اور صلاحیت کار میں اضافے، اسلحہ، گاڑیاں اور دیگر ضروری سازو سامان کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ عوام اور کاروباری طبقے کا حکومت پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ،پولیس ، لیویز اور امن و امان برقرار رکھنے والے اداروں میں موثر رابطہ کاری سے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں، صوبائی حکومت پولیس اور انتظامیہ میں سیاسی عدم مداخلت کی پالیسی پر قائم ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو روزگار ، تعلیم، صحت کی سہولیات دینے اور صوبے کی معیشت کی بہتری کے لیے صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جس سے یقینا امن و امان کی صورتحال کی بہتری میں بھی مدد ملے گی، وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ قانون کی عملداری پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ، پولیس کو وسیع اختیارات دیئے گئے ہیں لیکن یہ امر واضح رہے کہ عوام کے ساتھ پولیس کی جانب سے بھی کوئی ناانصافی نہ ہو اور عوام انہیں اپنا محافظ سمجھ کر ان کے ساتھ تعاون کریں، وزیر اعلیٰ نے عید الاضحٰی کے موقع پر سیکورٹی کے بہتر انتظامات کی بھی ہدایت کی۔