ایبولا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں پیش رفت کی توقع ہے،انتھونی بینبری

جمعرات 2 اکتوبر 2014 12:31

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر۔2014ء) اقوام متحدہ کے خصوصی کمیشن کے سربراہ انتھونی بینبری نے کہا ہے کہ ایبولا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں پیش رفت کی توقع ہے۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ آئندہ 60 روز میں مرض کے مقابلے میں کامیابی حاصل ہو جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالات میں مثبت موڑ لانے کیلئے 70 فیصد مریضوں کے علاج اور 70 فیصد ہلاک شدگان کی تدفین کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ ایبولا وائرس تیزی سے مغربی افریقہ میں پھیل رہا ہے۔ عالمی تنظیم برائے صحت کے مطابق گنی، لائبریا، سیر الیون، نائیجیریا اور سینیگال میں 6574 افراد اس مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے 3091 اب تک ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔