جڑواں شہروں میں قربانی کیلئے لائے گئے جانوروں سے کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ

جمعرات 2 اکتوبر 2014 12:58

جڑواں شہروں میں قربانی کیلئے لائے گئے جانوروں سے کانگو وائرس پھیلنے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر۔2014ء) جڑواں شہروں میں قربانی کیلئے لائے گئے جانوروں سے کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ‘ راولپنڈی اسلام آباد میں کئی غیر رجسٹرڈ منڈیاں قائم‘ جانوروں کے ریٹ آسمان سے باتیں کرنے لگے‘ زیادہ تر شہری دینی فریضہ ادا کرنے سے محروم۔ تفصیلات کے مطابق عید قربان کے قریب آتے ہی جڑواں شہروں میں کئی غیر رجسٹرڈ اور غیرقانونی جانوروں کی خریدو فروخت کیلئے منڈیاں قائم ہوگئی ہیں جس کی روک تھام کیلئے شہر کی انتظامیہ بے بس نظر آرہی ہے۔

غیر رجسٹرڈ اور غیرقانونی منڈیوں کی وجہ سے کانگو وائرس پھیلنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ کانگو وائرس کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے کئی بار ریڈ الرٹ بھی جاری ہوا لیکن انتظامیہ نے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا تاہم شہر میں قائم منڈیوں میں جانوروں کے منہ بولے دام لئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے کئی شہری دینی فریضہ ادا نہیں کر پارہے۔

(جاری ہے)

قربانی کے جانوروں کے اونچے ریٹس کی وجہ سے کئی بیوپاری خالی ہاتھ واپس جانے پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ اس ضمن میں جڑواں شہروں کی انتظامیہ مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہے۔

محکمہ صحت کے ایک اعلی افسر نے بتایا کہ جانوروں کو ویکسی نیشن نہ کروانے کی وجہ سے کانگو وائرس پھیل سکتا ہے جس کی روک تھام کیلئے انتظامیہ کو محکمہ صحت کیساتھ مل کر جانوروں کی منڈیوں کے اندر ویکسی نیشن کرنی چاہئے تاکہ گھر لائے گئے جانوروں سے کانگو وائرس کے جراثیم ختم ہوجائیں اس کے علاوہ بچے اور گھر کے دیگر افراد اس موذی مرض سے دور رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قربانی کا جانور خریدتے وقت شہریوں کو اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہئے کہ قربانی کا جانور لاغر اور بیمار نہیں ہونا چاہئے۔