بکثرت گوشت کھانے سے اسہال ، معدے ،ہائی بلڈ پریشر اور نظام ِ انہضام کی بیماریاں پیدا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے‘ طبی ماہرین

جمعرات 2 اکتوبر 2014 13:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر۔2014ء) عید الاضحی ایک مقدس تہوار ہے ،عیدِ قرباں ایسا موقع ہوتا ہے جس میں تقریباً سب لوگ گوشت کھاتے ہیں بلکہ مشاہدہ کی بات ہے کہ اس موقع پر زیادہ گوشت کھا جاتے ہیں مگر بکثرت گوشت کھانے سے اسہال ، معدے ،ہائی بلڈ پریشر اور نظام ِ انہضام کی بیماریاں پیدا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان طبی کانفرنس کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر حکیم محمد اعجاز فاروقی ،حکیم محمد احمد سلیمی ،حکیم سید عمران فیاض ،حکیم محمد افضل میو ،حکیم احمد حسن نوری نے کہا کہ ایک تندرست شخص کو روزانہ 60گرام گوشت کھانا چاہیے۔ بکثرت گوشت کھانے سے اسہال ، معدے اور جگر کی بیماریاں، ہائی بلڈ پریشر اور نظام ِ انہضام کی بیماریاں پیدا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ لہٰذا بلڈ پریشر ، ہیپاٹائٹس، معدہ ، جگر اور گردوں کے امراض میں مبتلا افراد زیادہ گوشت کھانے سے گریز کریں۔مقررین نے کہاکہ عید کے موقع پر عام طور پر کلیجی سب سے پہلے پکائی جاتی ہے ۔ لہٰذا کلیجی پکانے سے قبل اس بات کا اطمینان کر لیں کہ کلیجی میں کہیں سوراخ یا چھالے وغیرہ تو نہیں یا اس کی رنگت خراب تونہیں ہے۔ اگر ایسا ہے تو اسے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔