آزادکشمیر میں تین میڈیکل کالجز کا قیام شعبہ صحت میں بہت بڑا انقلاب ہے،ڈاکٹر سردار محمود احمد خان

جمعرات 2 اکتوبر 2014 16:23

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر۔2014ء)آزادکشمیر کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سردار محمود احمد خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں تین میڈیکل کالجز کا قیام شعبہ صحت میں بہت بڑا انقلاب ہے ۔ میڈیکل کالجوں میں تعینات فیکلٹی بالخصوص کلینکل فیکلٹی سے میرپور ، مظفرآباد اور راولاکوٹ کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں لوگوں کو علاج معالجہ کی بہترین سروسز فراہم کررہے ہیں ۔

پیرا میڈیکل انسٹیٹیوٹ کی اپنی عمارت بنائیں گے اور اسے ہیلتھ اکیڈمی بنائینگے ۔ پیرامیڈیکل نرسنگ سکول ، کالج آف میڈیکل ٹیکنالوجی ، ان سروس ٹریننگ سکول میں تمام کورسز شروع کیے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے دورہ میرپور کے دوران پیرا میڈیکل انسٹیٹیوٹ ٹیچنگ ہسپتال کے دورہ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بشیر چوہدری ایم ایس ڈاکٹر مشتاق احمد چوہدری ،پراجیکٹ ڈائریکٹر پیرا میڈیکل انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر ارشد محمود، ایم ایس ڈاکٹر سید عابد حسین شاہ ، پرنسپل ڈاکٹر ارم بتول، ڈاکٹر فدا ، پروفیسر ڈاکڑ شہباز علی ، ایم ایس ڈاکٹر اورنگزیب کے علاوہ دیگر ڈاکٹر ز بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

پیرا میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد محمود نے انھیں انسٹیٹیوٹ کے بارے میں بریفنگ دی ۔ جبکہ ایم ایس نیو سٹی ہسپتال ڈاکٹر عابد حسین شاہ نے انھیں ٹیچنگ ہسپتال کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے ہسپتال کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سروسزآزادکشمیر ڈاکٹر سردار محمود احمد خان نے کہا کہ انھیں محکمہ ہیلتھ کے حوالے سے جو ذمہ داریاں دی ہیں ان کی کوشش ہے کہ باہمی تعاون سے آزادکشمیر میں ہیلتھ سروسز کو مثالی بنایا جا سکے اور لوگوں کو صحت کے حوالے سے سروسز ادویات اور دیگر تمام سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔ انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں قائم ہونے والے تین میڈیکل کالجوں کے قیام سے آزادکشمیر کے لوگوں کو صحت کے حوالے سے جدید سروسز فراہم ہونگی ۔