عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران بھی انسداد ڈینگی پلان پر عملدرآمد جاری رہے گا،عملے کو خصوصی بونس دینے کا اعلان

جمعہ 3 اکتوبر 2014 17:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 اکتوبر۔2014ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں انسداد ڈینگی ریگولیشن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اورخلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، آؤٹ ڈور کے ساتھ ان ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے، تمام متعلقہ ادارے اور محکمے باہمی کوآرڈینیشن کے تحت کام کریں، وزیراعلیٰ نے عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران بھی انسداد ڈینگی پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کی اور عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران فرائض سرانجام دینے انسداد ڈینگی عملے کو خصوصی بونس دینے کا اعلان کیا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جمعہ کے روز یہاں انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران ویڈیو لنک کے ذریعے راولپنڈی کی انتظامیہ سے ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کے حوالے سے دریافت کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں حکومت کی جانب سے کئے گئے موثر اقدامات کے باعث ڈینگی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ ڈینگی ایک سماجی مسئلہ ہے اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کی آگاہی کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے اور لوگوں کو باور کرایا جائے کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسانی جان سے بڑھ کر کوئی چیز عزیز نہیں، انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انسداد ڈینگی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر عمارتوں کو سیل کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ڈینگی کے مریضوں کی ہسپتالوں میں بہترین نگہداشت کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے انٹامالوجسٹ کی ریگولر بھرتیوں کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت، ڈی سی اوزلاہوروشیخوپورہ اور متعلقہ محکموں کے حکام نے بریفنگ دی جبکہ ڈی سی او راولپنڈی نے ویڈیو لنک کے ذریعے انسداد ڈینگی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :