20 لاکھ سے زائد افراد نے فریضہ حج ادا کیا‘ آج مصروف ترین دن گزاریں گے،

مفتی اعظم سعودی عرب نے ایک لاکھ24 ہزار مربع میٹر پر محیط مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ دیا ،دونوں نمازوں کی امامت کروائی

جمعہ 3 اکتوبر 2014 19:33

میدان عرفات (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اکتوبر 2014ء) دنیا کے مختلف ملکوں سے آنے وا لے 13لاکھ 86ہزار905افراد اور سعودی عرب کے مقامی باشندوں اور غیر ملکی کارکنوں سمیت 20 لاکھ سے زائد حجاج کرام نے گزشتہ روز میدان عرفات میں وقوف کر کے حج کا سب سے بڑا رکن ادا کیا اور ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کیں۔مفتی اعظم سعودی عرب شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ آل الشیخ نے ایک لاکھ24 ہزار مربع میٹر پر محیط مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ دیا اور دونوں نمازوں کی امامت کروائی ۔

وہ مسلسل 34سال سے حج کا خطبہ دے رہے ہیں۔مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ شہزادہ مشال بن عبد اللہ بن عبدا لعزیز نے بھی اس موقع پر حج کی سعادت حاصل کی۔بعد ازاں حجاج کرام جبل رحمت پر بھی گئے اور گڑا گڑا کر اپنے گناہوں کی معافی ‘ مغفرت اور پوری انسانیت کے لئے رب کی رحمت طلب کرتے رہے ۔

(جاری ہے)

غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام میدان عرفات سے نکل کر مزدلفہ آگئے جہاں انہو ں نے مغرب اور عشاء کی نمازیں اکٹھی ادا کیں اور سنت نبوی کی پیروی میں رات کھلے آسمان تلے بسر کی ۔

مناسک حج کی ادائیگی کے تیسرے روز حجاج کرا م آج (4اکتوبر بروز ہفتہ بمطابق10ذوالحجہ)مصروف ترین دن گزاریں گے۔نماز فجر کے بعد مزدلفہ سے واپس منٰی پہنچ کر اپنے خیموں میں سامان رکھنے کے بعد بڑے شیطان کو سات کنکریاں ماریں گے ‘ شکرانہ حج کے طور پر جانور ذبح کریں گے اور پھر سر کے بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔بعد ازاں وہ سادہ کپڑوں میں ملبوس ہو کر حج کے ایک اور لازمی رکن طواف افاضہ کے لئے مکہ جائیں گے ‘کعبہ کے گرد سات چکر لگائیں گے اور مقام ابراہیم پر دو نوافل ادا کرنے کے بعدحضرت حاجرہ علیہ السلام کی سنت تازہ کرنے کے لئے صفا مروہ کی سعی کریں گے،حجاج کرام آج رات واپس منٰی آکر بسر کریں گے

متعلقہ عنوان :