وزیر اعلی پنجاب نے عید کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی سرویلنس کرنیوالے سٹاف کو اعزازیہ دینے کی منظوری دے دی

ہفتہ 4 اکتوبر 2014 15:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 اکتوبر۔2014ء) سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ملک نے کہا ہے کہ گزشتہ سال عیدالاضحی کے بعد ڈینگی کے مریض زیادہ تعداد میں رپورٹ ہوئے تھے لہذا تمام متعلقہ محکمے پوری طرح الرٹ رہیں اور عید کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی سرویلنس جاری رکھی جائے،ذرا سی غفلت ڈینگی کو بے قابو کر سکتی ہے۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول ، کرن ڈار کے علاوہ ڈی سی اولاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان ، متعلقہ محکموں اور ٹاؤن کمیٹیوں کے انچارج سینئر افسران، واسا، سالڈ ویسٹ ، پی ایچ اے اور پی آئی ٹی بی کے افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں تمام محکموں کے افسران نے عید کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی سرویلنس کیلئے اپنے اپنے محکمے کے ایکشن پلان سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی سرگرمیوں اور کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 3 اکتوبر کو لاہور میں ڈینگی کا کوئی کنفرم مریض رپورٹ نہیں ہوا البتہ ڈینگی لاروا گھروں کے اندر سے بہت زیادہ مقدار میں رپورٹ ہو رہا ہے ۔ ڈی سی او نے مزید کہا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران ٹارگٹڈ ڈینگی سرویلنس جاری رہے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے عید کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی سرویلنس کرنے والے اہلکاروں کے لئے خصوصی اعزازیہ دینے کی بھی منظوری دے دی ہے اور ڈینگی ڈیوٹی دینے والے تمام سٹاف کو ایک ہزار روپے فی کس اعزازیہ بھی دیا جائے گا ۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر اسلام ظفر نے بتایا کہ اب تک صوبے میں ڈینگی کے 161 کنفرم مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے لاہور میں 38 ، راولپنڈی میں 78 اور شیخوپورہ میں 29 ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت میوہسپتال میں 4، ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں 18 اور بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں ڈینگی کے 13 مریض زیر علاج ہیں ۔

راولپنڈی میں راول ٹاؤن اور کینٹ ٹاؤن کا علاقہ سب سے زیادہ حساس ہے جہاں سے بالترتیب 36 اور 34 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔ ڈاکٹر اسلام ظفر نے بتایا کہ 2013 ء میں 4 اکتوبر تک 322 مریض رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 2014 ء میں یہ تعداد 161 تک پہنچ گئی ہے۔ اجلاس میں تمام افسران نے اپنے اپنے محکمے کی ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں بارے بریفنگ دی ۔سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران سے کہا کہ عید سے قبل قبرستانوں ، پارکس اور بڑی بڑی مساجد کی مکمل ڈینگی سویپنگ کرائی جائے تا کہ نماز عید کے اجتماعات اور دیگر جگہوں پر آنے والے لوگوں کو ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے عید کی چھٹیوں کے دوران کام کرنے والی ڈینگی ٹیموں کی رنڈم چیکنگ کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :