جنرل ہسپتال ایمرجنسی میں پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم کر دیئے گئے

ہفتہ 4 اکتوبر 2014 17:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 اکتوبر۔2014ء) عید الاضحی کی چھٹیوں کے دوران (6تا 8اکتوبر) جنرل ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں پولیوویکسی نیشن کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم کیا جائے گا جہاں پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور بیرون ملک جانے والے افراد کو سرٹیفیکیٹ جاری کئے جائیں گے۔یہ سہولت صبح آٹھ بجے تادوپہر تین بجے تک میسر ہو گی۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ حکومت نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کا تہیہ کیا ہو ا ہے اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی متحرک قیاد ت میں تمام محکمے شہریوں کو موسمی اور متعدی امراض سے بچانے کیلئے سرگرم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی سربراہی میں بیماریوں کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی اور دیگر بیماریوں کے خلاف مہمات کی کامیابی کیلئے علمائے کرام اور ذرائع ابلاغ سمیت تمام طبقات خصوصاً نوجوانوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔پرنسپل نے کہا کہ پی جی ایم آئی کے ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت جس طرح صوبے بھر کے ڈاکٹروں کو ڈینگی کے علاج کی تربیت فراہم کی گئی ہے اسی طرح پولیو، خسرہ اور دیگر بیماریوں کے خلاف بھی شعور اجاگر کرنا ضروری ہے ۔

تاکہ شہری حفاظتی تدابیر اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق عمل کرتے ہوئے ان بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ ایسے پروگرام شروع کریں جن میں ماہرین صحت شہریوں کی صحت کے حوالے سے رہنمائی فراہم کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :