جوڑوں کے درد ‘ہائی بلڈ پریشرکے مریض قربانی کا گوشت اعتدال سے کھائیں‘ حکیم قاضی ایم اے خالد

یورک ایسڈ کی زیادتی اور گردوں کے مریض گوشت کا استعمال معالج کے مشورے کے مطابق کریں ‘ سیکرٹری ہربل فزیشنز

اتوار 5 اکتوبر 2014 12:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین۔ 5 اکتوبر 2014ء)مرکزی سیکرٹری جنرل کونسل آف ہربل فزیشنزپاکستان حکیم قاضی ایم اے خالد نے عید قربان کے موقع پر گوشت کھانے میں احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوشت کے پکوانوں میں زیادہ مرچ مصالحے نہ ڈالیں نیز ان پر سبز دھنیے کی گارنش ضرور کریں ،گوشت کے ہمراہ سلاد خصوصاًپودینہ ‘لیموں اوردہی کا استعمال ضرور کریں دہی کو رائتے کی شکل میں یعنی تھوڑا سا نمک اور سفید زیرہ ملا کر استعمال کریں ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گوشت کھانے کے ساتھ ساتھ موسمی پھل وسبزیوں کا استعمال بھی جاری رکھیں پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں ۔ابلا ہوا یا بھاپ میں تیارکیا ہواگوشت بھنے ہوئے گوشت سے بہت بہتر ہے ۔گوشت کا ضرورت سے زیادہ استعمال اگر فوری طورپرنقصان نہ بھی دے توآنے والے دنوں میں کئی دیگر امراض کا سبب ضروربن سکتا ہے جوڑوں کے درد ‘ہائی بلڈ پریشراور شوگر کے مریض گوشت کم کھائیں۔

(جاری ہے)

یورک ایسڈ کی زیادتی اور گردوں کے مریض گوشت کا استعمال اپنے معالج کے مشورے پرہی کریں ۔خصوصاً دل کے مریض چربی والا گوشت ‘گردے ‘ مغز‘سری پائے ‘کلیجی وغیرہ استعمال نہ کریں کیونکہ چربیلے مادے کولیسٹرول کی شکل اختیار کر لیتے ہیں ۔ گائے کے گوشت میں کولیسٹرول بکرے کے گوشت کی نسبت زیادہ ہوتا ہے جبکہ اونٹ کے گوشت میں کولیسٹرول بہت کم ہوتا ہے۔گوشت کھانے کے فوراً بعد ٹھنڈاپانی یا کولڈ ڈرنکس پینے سے دل کی امراض اور دیگر تکالیف پیدا ہو سکتی ہیں لہٰذا گوشت کھانے کے فوراً بعدایسے مشروبات پینے سے اجتناب کیا جائے ۔