مہمند ایجنسی میں پولیو ورکر پر ہونے والے بم حملے میں دو افراد ہلاک ،ایک زخمی

زخمی شخص تحصیل صافی میں انسداد پولیو کا فوکل پرسن ہے ،مرنے والے افراد ساتھ کام کرتے تھے‘ مقامی ذرائع

بدھ 8 اکتوبر 2014 13:30

مہمند(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 8اکتوبر 2014ء) قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں پولیو ورکر پر ہونے والے بم حملے میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ۔پولیٹکل انتظامیہ مہمند کے ایک اہلکار نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کی صبح مہمند ایجنسی کے دورافتادہ علاقے تحصیل صافی میں علینگار کے مقام پر پیش آیا۔انسدادِ پولیو کے شعبے سے وابستہ ایک کارکن اپنے دو رشتہ داروں کے ہمراہ کہنی جا رہے تھے جنہیں گھر کے قریب نصب بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس سے دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔

مرنے والے افراد پولیو ورکر کے رشتہ دار بتائے جاتے ہیں جبکہ زخمی شخص پولیو کا کارکن ہے۔ سرکاری اہلکار کا کہنا تھا کہ علاقے میں انسداد پولیو کے کسی مہم کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں نشانہ بننے والے تینوں افراد پولیو کارکن بتائے جاتے ہیں جو علاقے میں انسداد پولیو کے مہمات میں حصہ لیتے رہے ہیں ۔ ان کے مطابق زخمی شخص تحصیل صافی میں انسداد پولیو کا فوکل پرسن ہے جبکہ مرنے والے افراد ان کے ساتھ کام کرتے تھے۔مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ مہمند ایجنسی میں پولیو مہم کا کوئی باقاعدہ اعلان نہیں ہوتا تاہم اکثر اوقات دیکھا گیا ہے کہ علاقے میں پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :