مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کا عید کے د ن فیروز والا، رانا ٹاؤن اور مریدکے کا دورہ

ڈینگی سرویلنس ٹیموں کی مانیٹرنگ، فرائض سے غفلت برتنے پر ڈی او ایچ شیخوپورہ کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت

بدھ 8 اکتوبر 2014 13:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 8اکتوبر 2014ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے عید الاضحی کے دن فیروز والا، رانا ٹاؤن اور مریدکے ضلع شیخوپورہ کا دورہ کیا اور ڈینگی سرویلنس کرنے والی ٹیموں کی مانیٹرنگ کی ۔ خواجہ سلمان رفیق نے فرائض سے غفلت برتنے پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز کو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ شیخوپورہ ڈاکٹر ندیم سہیل کے خلاف محکمانہ کارروائی اور خراب کارکردگی پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ مریدکے ڈاکٹر منیر غوری کو وارننگ لیٹر جاری کرنے کی ہدایت کی ۔

علاوہ ازیں مشیر صحت نے عید کے دوسرے دن تحصیل مریدکے کی اربن یونین کونسلوں کا دورہ کیا اور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ فیروز والا اور مریدکے ڈینگی کے لحاظ سے بہت حساس تحصیلیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لئے اپنے گھروں کے اندر پانی جمع نہ ہونے دیں اور پانی کے برتنوں اور واٹر ٹینک کوڈھانپ کر رکھیں تا کہ ڈینگی کی افزائش کو روکا جا سکے ۔

دریں اثنا، خواجہ سلمان رفیق نے ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان کے ہمراہ عید کے دن گلشن راوی کے علاقے میں گھر گھر جا کر ڈینگی کے بارے آگاہی فراہم کی اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی جانب سے ڈینگی سرویلنس کرنے والے اہلکاروں میں مٹھائی تقسیم کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

متعلقہ عنوان :