مہر ایکسپریس ٹرین میں ریلوے پولیس کے مبینہ تشدد سے مسافر جاں بحق ،تکرار کے دوران دل کا دورہ پڑا ‘ ترجمان پولیس

وزیر ریلوے اور آئی جی ریلوے پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ریلوے کی سربراہی میں تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی تحقیقات میں ریلوے ملازمین کی کوتاہی ثابت ہوئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘ خواجہ سعدرفیق

بدھ 8 اکتوبر 2014 16:25

ملتان /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 8اکتوبر 2014ء) مہر ایکسپریس ٹرین میں ریلوے پولیس کے مبینہ تشدد سے مسافر جاں بحق ہو گیا جبکہ ریلوے پولیس کے ترجمان کے مطابق مسافرکو تکرار کے دوران دل کا دورہ پڑا ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور آئی جی ریلوے پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ۔بتایا گیا ہے کہ ملتان سے راولپنڈی جانے والی مہر ایکسپریس میں محمد سلیم نامی مسافر کا ٹکٹ کے معاملے پر ٹکٹ چیکر سے کسی بات پر تنازعہ ہو گیا جس پر ٹکٹ چیکر نے ریلوے پولیس کو طلب کر لیا اور پھر بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔

(جاری ہے)

ریلوے پولیس اہلکاروں کے مبینہ تشددسے مسافر جاں بحق ہو گیا۔ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق مسافر اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تکرار کے دوران مسافر سلیم کو دل کا دورہ پڑا ۔وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ریلوے پولیس شارق خان کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے ۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اگر واقعے کی تحقیقات میں ریلوے ملازمین کی کوتاہی ثابت ہوئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ ٹرین میں تعینات پولیس اہلکار گرفتار کر کے مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :