پرنسپل پی جی ایم آئی نے عیدالاضحی کا دن جنرل ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ گزارا

عید کی خوشیاں منانے کی بجائے مریضوں کی خدمت کا مقدس فریضہ سرانجام دینے والے ملازمین مبارکباد کے مستحق ہیں صفائی ستھرائی کے اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ڈینگی کو ایسی شکست دیں گے کہ وہ آئندہ کبھی سر نہیں اٹھاسکے گا‘ پروفیسر انجم حبیب وہرہ

بدھ 8 اکتوبر 2014 17:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔8 اکتوبر 2014ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے عیدالاضحی کا دن جنرل ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے ساتھ گزارا، وہ ایمرجنسی و دیگر وارڈوں میں مریضوں کے بستر پر گئے اور ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ ڈینگی کاوٴنٹر سمیت تمام شعبوں میں اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکس سے بھی ملے اور انہیں عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ عید کے روز گھر پر خوشیاں منانے کی بجائے وہ ہسپتال میں مریضوں کی خدمت کا مقدس فریضہ سرانجام دے کر ایثار اور قربانی کی عملی مثال قائم کررہے ہیں جو قابل تحسین ہیں۔

مریضوں کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ہیلتھ ویژن کی روشنی میں جنرل ہسپتال کے تمام سٹاف نے مریضوں کے علاج معالجے و دیکھ بھال کو اپنا مقصد حیات بنارکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج کے روز تمام شہریوں، طبی عملے اور مریضوں و لواحقین کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ صفائی ستھرائی کے اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ڈینگی کو ایسی شکست دیں گے کہ وہ آئندہ کبھی سر نہیں اٹھاسکے گا۔

انہوں نے کہاکہ جنرل ہسپتال ڈینگی کے خلاف حفاظتی اقدامات کی عمدہ مثال ہے یہاں حفظان صحت کے اصولوں اور کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے کو یقینی بنانے پر غیر معمولی توجہ دی جاتی ہے۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہاکہ جنرل ہسپتال میں صرف ایک روپے کی پرچی پر مریضوں کو تمام طبی و تشخیصی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ وہ خدمت کے اس جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے مریضوں کی تیمارداری جاری رکھیں۔پرنسپل نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی رکھنے پر سینٹری انسپکٹرز و اہلکاروں کو شاباش دی۔

متعلقہ عنوان :