بیٹسمینوں نے ہیڈ کوچ وقار اور چیف سلیکٹرمعین کی نیندحرام کردی، گرانٹ فلاور بھی پریشان

جمعرات 9 اکتوبر 2014 14:22

بیٹسمینوں نے ہیڈ کوچ وقار اور چیف سلیکٹرمعین کی نیندحرام کردی، گرانٹ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 اکتوبر۔2014ء) آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بد ترین بیٹنگ کارکردگی نے شائقین کرکٹ کو ناراض کردیا ہے۔دبئی کے ٹی ٹوئینٹی میں25ہزار تماشائیوں کو اس وقت مایوسی ہوئی جب پاکستانی ٹیم96رنز بناسکی۔شارجہ میں پہلے ون ڈے انٹر نیشنل میں چند ہزار تماشائیوں نے گراؤنڈ کارخ کیا۔اب منتظمین ان کوششوں میں مصروف ہیں کہ جمعے کو دوسرے ون ڈے کے لئے دبئی کے شائقین گراؤنڈ کارخ کریں۔

قومی ٹیم کے ذرائع کے مطابق بیٹنگ لائن کی کارکردگی نے جہاں ہیڈ کوچ وقار یونس اور چیف سلیکٹر اور منیجر معین خان کی نیندیں حرام کردی ہیں۔وہیں سب سے زیادہ پریشان زمبابوے کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور ہیں۔اکثر جب بیٹنگ لائن دھوکہ دیتی ہے تو گرانٹ سر پیٹ لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ اکثر ٹیم میٹنگ میں کہتے ہیں کہ میں بیٹسمینوں کو بہت سمجھاتا ہوں۔نیٹ پر بیٹنگ دیکھ کر سب ٹھیک لگتا ہے لیکن میچوں میں بیٹسمین پھر پرانی غلطیوں کو دہراتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شارجہ کے میچ کے بعد پاکستانی ڈریسنگ روم میں ایسا سوگ تھا کہ جیسے کوئی سانحہ ہوگیا ہو۔وقار یونس بمشکل جذبات کو قابو رکھ پائے۔تاہم سینئر کھلاڑیوں کو ذمے داری نبھانے کا کہا گیا۔اور یہ طے پایا کہ تمام کھلاڑی پرانی کارکردگی کو بھول کر ایک دوسرے کو سپورٹ کریں گے۔دوسرے ون ڈے کے لئیٹکٹ چالیس درھم کے سب سے سستے ٹکٹ بھی فروخت کے لئے دستیاب ہیں۔