سگریٹ نوشی دل کی پیچیدہ بیماریوں کے علاوہ ٹی بی ‘ سانس و پھیپھڑوں کے کینسر جیسی بیماریوں کا باعث ہے‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

جمعہ 10 اکتوبر 2014 14:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اکتوبر۔2014ء) وزیر خزانہ ، ایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو پیچیدہ بیماریوں کے موثر علاج کے لئے وسائل کی ری جنریشن کے ذریعے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں مہیا کرے گی، طبی ماہرین تمباکو نوشی کے خلاف لوگوں میں شعورپیدا کریں کیونکہ سگریٹ نوشی لوگوں میں دل کی پیچیدہ بیماریوں کے علاوہ ٹی بی ‘ سانس و پھیپھڑوں کے کینسر اور دیگر بیماریوں کا باعث ہے، صحت کی سہولیات کی فراہمی پر 121.80 ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جو کل بجٹ کا 11.66 فیصد ہے، حکومت نے کم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے 8ارب75 کروڑ روپے اور ماں و بچے کی صحت بارے ایک منصوبے کے لئے 1.80 ارب روپے فراہم کئے ہیں، متعدی امراض کے کنٹرول کے لیے 2۔

(جاری ہے)

ا رب روپے اضافی مختص کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹرز ، پیرا میڈکس اور غیر سرکاری فلاحی تنظیم کے وفودسے ملاقات کے دوران مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت خطرناک‘ پیچیدہ امراض کے علاج اور اعضاء کی پیوند کاری کے لئے پبلک سیکٹر طبی اداروں کو خصوصی اقدامات کے لئے فنڈز فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی خدمت کے لئے وقت اور سرمایہ وقف کرنے والے مخیرحضرات معاشرے کا اثاثہ ہیں اور حکومت ہمیشہ ایسے افراد اور اداروں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کینسر و دیگر موذی امراض کے علاج کے لئے عوام میں شعور بیدار کیا جائے کیونکہ صوبہ کے ٹیچنگ و بڑے سرکاری ہسپتالوں میں کینسر کے علاج کی سہولتیں میسر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں تمباکو نوشی کے خلاف شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہر سال لاکھوں افراد سگریٹ نوشی کے باعث چیسٹ کینسر کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اور 600ملین لوگ تمباکو نوشی کی پیچیدگیوں کے باعث ٹی بی و پھیپھٹروں کی خطرناک بیماریوں سے متاثر ہیں ۔