جنرل ہسپتال میں سنٹرل آکسیجن سپلائی کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا آکسیجن کے ذخیرہ کے لئے وی آئی ای ٹینک کی تعمیر کا آغاز ، ہر مریض کو بستر پر آکسیجن کی فراہمی ممکن ہو سکے گی ایک مالیاتی ادارے نے 48 لاکھ روپے کا عطیہ دیا ہے، منصوبہ دو ماہ میں مکمل ہو جائیگا‘ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر انجم حبیب وہرہ

جمعہ 10 اکتوبر 2014 16:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔0 1اکتوبر 2014ء) جنرل ہسپتال کو سٹیٹ آف دی آرٹ شفا خانہ بنانے اور مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہسپتال میں سنٹرل آکسیجن سپلائی کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا اور اس سلسلہ میں آکسیجن کے ذخیرے کے لئے وی آئی ای ٹینک کی تعمیر کا آغاز ہو گیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے ہسپتال میں زیر علاج ہر مریض کو اس کے بستر پر آکسیجن کی فراہمی ممکن ہو سکے گی ۔

مذکورہ منصوبے کے لئے ایک مالیاتی ادارہ نے ہسپتال کو 48 لاکھ روپے کا عطیہ دیا ہے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ معروف نیوروسرجن پروفیسر انجم حبیب وہرہ کی بطور پرنسپل ادارے میں تعیناتی کے بعد ان کی ذاتی کوششوں سے مخیر حضرات اب تک ایل جی ایچ کو تقریباً 10 کروڑ روپے کے عطیات دے چکے ہیں جن سے مریضوں اور ان کے لواحقین کی فلاح و بہبود کے بیسیوں منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے بتایا کہ سنٹرل آکسیجن سپلائی سسٹم کی تنصیب سے نہ صرف آکسیجن کے بھاری سلنڈروں سے چھٹکارا ملے گا بلکہ روزانہ کمپنی سے ہسپتال آکسیجن سلنڈر لانے کے اخراجات بھی بچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے تمام شعبوں میں زیر علاج مریضوں کو اس سہولت سے مستفید کرنے کے لئے آکسیجن سپلائی کے پائپ بچھانے کا کام اسی ماہ شروع کر دیا جائے گا اور یہ منصوبہ 31 دسمبر 2014 ء تک پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی مانیٹرنگ کے لئے پروفیسر آف نیوروسرجری ڈاکٹر خالد محمود ، پروفیسر آف انتھیزیا ڈاکٹر خالد بشیر ، ایم ایس ڈاکٹر پرویز امتیاز اور اے ایم ایس ڈاکٹر جنید مرزا کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ۔