ٹیکساس کے طبّی عملے کی ایک رکن میں ایبولاکے ہلاکت خیز وائرس کی تصدیق ہوگئی

پیر 13 اکتوبر 2014 12:20

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء) ٹیکساس کے طبّی عملے کی ایک رکن میں ایبولاکے ہلاکت خیز وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، جس سے اس خوفناک وائرس کے خلاف جاری عالمی جنگ کو جھٹکا لگا اور اس سے محفوظ رکھنے کیلئے کیے جانے والے احتیاطی اقدامات پر سوال کھڑے ہوگئے غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے ایک سینئر ہیلتھ افسر نے بتایا کہ ٹیکساس ریاست میں ایبولا وائرس سے ہلاک ہونے والے شخص کا علاج سے منسلک طبی عملے سے واضح طور پر غلطی ہوئی تھی جس کی وجہ سے ان کی ایک رکن اس ہلاکت خیز وائرس کا شکار ہوگئی متاثرہ خاتون ہیلتھ ورکر کی حالت اس وقت بہتر ہے، بیماری کی تصدیق ہونے تک اسے ایک علیحدہ وارڈ میں رکھا گیا ۔

(جاری ہے)

بیماریوں پر قابو پانے اور ان کی روک تھام کے مرکز (سی ٹی سی) کے سربراہ ڈاکٹر ٹام فریڈن کے مطابق انفیکشن پھیلنے کے اسباب کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی۔انہوں نے ایک امریکی براڈکاسٹر کو بتایا کہ ”یہ بات واضح ہے کہ علاج کے دوران کی احتیاطی اقدامات کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔“ٹام نے بتایا کہ دیگر 48 افراد کو بھی نگرانی میں رکھا گیا ۔امریکی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ ٹیکساس ہیلتھ پرسبائٹرین ہسپتال میں ایبولا سے متاثرہ شخص تھامس ایرک ڈنکن کے علاج کے دوران طبّی عملہ حفاظتی لباس پہنتا تھا۔