ڈینگی سے بچاوٴ کے لیے ضلع بھر میں جنگی بنیادوں پر مہم شروع کردی گئی ہے،چودھری حبیب اللہ ڈی سی او اٹک

پیر 13 اکتوبر 2014 15:27

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء) ڈی سی او اٹک چودھری حبیب اللہ نے کہا ہے کہ ڈینگی سے بچاوٴ کے لیے ضلع بھر میں جنگی بنیادوں پر مہم شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے یہ بات ڈینگی کے حوالے سے اپنے دفتر میں ہونے والے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ضلع بھر کے ای ڈی اوز، ٹی ایم اوز،اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی او ہیلتھ /فوکل پرسن ڈینگی مہم کے علاوہ متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈی سی او اٹک نے اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ڈینگی کے حوالے سے حساس علاقوں میں میڈیکل کیپمس قائم کیے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو بروقت تشخیص اور علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جاسکے۔علاوہ ازیں سپیشل ٹیمیں بھی مقرر کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عوام کی آگاہی کے لیے مہم گھر گھر شروع کردی گئی ہے۔

ڈی سی او اٹک نے لوگوں پر ذور دیا کہ وہ اپنے گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ فالتو سامان چھت کے نیچے رکھیں تاکہ بارش کے پانی میں ڈینگی مچھر کو اپنی پرورش کا موقع نہ مل سکے۔ پوری آستینوں والا لباس استعمال کریں ۔گھروں اور آس پاس کے علاقوں کی صفائی کا خیال رکھیں۔ بخار ہونے کی صورت میں سرکاری ہسپتالوں سے رجوع کیا جائے جہاں ڈینگی کی تشخیص اور علاج کی تمام تر سہولیات موجود ہیں۔

انہو ں نے لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ عطائی ڈاکٹروں اور نیم حکیموں کے ٹوٹکوں سے مکمل پرہیز کریں کیونکہ اس سے ڈینگی بخار میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے میں ستر فیصد احتیاط اور صرف تیس فیصد علاج سے مکمل کامیابی حاصل ہوتی ہے اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم زیادہ سے زیادہ احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھیں۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کہ بنیادوں پر اپنی اپنی تحصیلوں کی رپورٹ ڈی سی او آفس کو ارسال کریں۔

اس سلسلے میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جس کا ٹیلیفون نمبر 057-9316358ہے ۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ملک عباد ت کو ڈینگی مہم کا فوکل پرسن نامز د کردیا گیا جبکہ اے ڈی سی اٹک کے سرکاری ٹیلیفون نمبر 057-9316013پر بھی کسی قسم کی شکایت یا آگاہی کے لیے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے تمام سیکریٹریز یونین کونسلز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی یونین کونسلوں میں صفائی کو یقینی بنائیں۔اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :