علاقائی اتحاد موثر اور نمائندہ ایشیائی پارلیمنٹ کے قیام کیلئے بنیادی ضرورت ہے ،سید نیئر حسین بخاری

پیر 13 اکتوبر 2014 15:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء) چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری نے علاقائی اتحاد کو ایک موثر اور نمائندہ ایشیائی پارلیمنٹ کے قیام کیلئے ایک بنیادی ضرورت قرار دیا ہے اور کہا کہ اس فورم کے ذریعے ایشیاء کی توانائیوں کا بھر پور فائدہ اٹھا کر باہمی تعاون اور پائیدار ترقی کیلئے مزید مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ جو کہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے صدر بھی ہیں‘ نے ان خیالات کا اظہار APAکی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کے ابتدائی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جسکا انعقاد جنیوا میں ہورہا ہے ۔

اس کانفرنس میں افغانستان ، بحرین ، بنگلہ دیش، کمبوڈیا، سائپرس، انڈونیشیاء، ایران ، عراق ، اردن ، کویت ، لبنان ، ملائشیاء، روس، سری لنکا اور شام کے وفود نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹو کونسل کا انعقاد بین الپارلیمانی یونین کے 131ویں اجلاس کی سائیڈ لائنز پرکیا گیا تھا۔تاہم انہوں نے اس بات کی طر ف اشارہ کیا کہ ان مقاصد کے حصول کیلئے خطے میں حکومتی ، سیاسی اور پارلیمانی سطح پر مضبوط سیاسی عزم کا مظاہرہ ضروری ہے جو مستقبل کے اقدامات کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کریگا۔

چیئر مین سینیٹ نے ٹرائیکا پلس کے پہلے اجلاس کے کامیابی سے انعقاد کو سراہا ۔ انہوں نے APAایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کو بھی APAکی مشترکہ کا وشوں کا تسلسل قرار دیا تاکہ ایشائی خطے کی توانائیوں سے بھر پور فائدہ اٹھا کر عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کیا جا سکے ۔ نئیر حسین بخاری نے تجویز دی کہ تجارت، سرمایہ کاری ، معیشت اور توانائی ایسے شعبے ہیں جن کے ذریعے خطے میں تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے ۔چیئر مین سینیٹ نے شرکاء کو آپریشن ضرب عضب کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ شرکاء نے چیئر مین سینیٹ اور اے پی اے کے صدر نئیر حسین بخاری کے عزم اور سینیٹ آف پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ خطے میں تعاون کو فروغ دینے اور خطے کی عوام کی ترقی کیلئے کی گئی کوششیں قابل تعریف ہیں ۔

متعلقہ عنوان :