لاہور اور شیخو پورہ میں ڈینگی کی صورتحال کنٹرول میں ہے ، راولپنڈی میں زیادہ محنت کی ضرورت ہے ‘ خواجہ سلمان رفیق

پیر 13 اکتوبر 2014 17:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ تمام محکموں کی مربوط کوششوں سے لاہور اور شیخو پورہ میں ڈینگی کی صورتحال کنٹرول میں ہے تاہم راولپنڈی میں مزید محنت اور سخت اقدامات کی ضرورت ہے جہاں راول ٹاؤن اور کنٹونمنٹ کے علاقے ڈینگی سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ، تمام متعلقہ محکمے اور ادارے ڈینگی کے خلاف اپنی موجودہ مہم کو بھر پور طریقہ سے جاری رکھیں ۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری صحت ( ٹیکنیکل ) ڈاکٹر سلمان شاہد ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹرزاہد پرویز ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ویکٹر بارن ڈیزیز ڈاکٹر اسلام ظفر کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران ، واسا ، سالڈ ویسٹ ، پی آئی ٹی بی اور سپیشل برانچ کے افسران نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اسلام ظفر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی اور لاہو رکے ہسپتالوں میں مجموعی طو رپر ڈینگی کے 95 مریض زیر علاج ہیں اور تمام مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے ۔ ا نہوں نے بتایا کہ اب تک صوبے میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 301 ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد اب تک 458 ہو گئی تھی۔ ڈاکٹر اسلام ظفر نے مزید بتایا کہ لاہور میں کنفرم ڈینگی مریضوں کی تعداد 41 اور شیخو پورہ میں 32 ہو گئی ہے۔

اجلاس میں لاہور ، شیخو پورہ اور راولپنڈی میں خصوصی طو رپر ڈینگی کنٹرول کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ تمام محکموں کے افسران اور ای ڈی او ہیلتھ لاہور نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں بارے بریفنگ دی ۔ خواجہ سلمان رفیق نے تمام محکموں کی جانب سے ڈینگی سرویلنس کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے زیادہ محنت اور سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود گزشتہ 4 دن راولپنڈی میں تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کے لئے وہاں موجود تھے اور دوبارہ راولپنڈی جا رہے ہیں تاکہ جلد از جلد صورتحال کو معمول پر لایا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :