وزیرآباد ، مردہ جانوروں سے حاصل چربی سے تیار کردہ مضرصحت گھی اور چکنائی مختلف بیکریوں اورہوٹلوں میں فروخت کرنے کا انکشاف

پیر 13 اکتوبر 2014 21:07

وزیرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء)وزیرآبادکے محلہ رحیم پورہ میں مردہ جانوروں سے حاصل ہونے والی چربی سے تیار کردہ مضرصحت گھی اور چکنائی مختلف بیکریوں اورہوٹلوں میں فروخت کرنے کا انکشاف۔انسانی خوراک میں حرام اجزاکی شمولیت سے پیچیدہ مسائل جنم لے رہے ہیں ۔اہل علاقے کا شدید احتجاج اور ڈی سی او سے ایکشن لینے کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل وزیرآباد کے مختلف علاقوں سے مردہ جانور اکھٹے کر کے وزیرآباد کے محلہ رحیم پورہ پہنچائے جاتے ہیں ،جہاں انسانی صحت کے مجرم عناصر نے مکروہ دھندہ شروع کر رکھا ہے ،جانوروں کا چمڑہ اور ہڈیاں علیحدہ علیحدہ کر کے فروخت کر دی جاتی ہیں جبکہ گوشت خشک اور حاصل شدہ چربی سے گھی بنایا جاتا ہے۔ اس خشک گوشت اور گھی کو انسانیت دشمن بروکرز کے ہاتھوں فروخت کیا جاتا ہے جو ان اجزاء کو مختلف بیکریوں ،ہوٹلوں اور دیگر اشیائے خوردو نوش بنانے والوں کے ہاتھ فروحت کر رہے ہیں جو ان مضر صحت اورحرام اجزا ء گوشت اور گھی وغیرہ کو خوراک میں شامل کر کے وزیرآباد تحصیل کے شہریوں کو کھلایا جاتا ہے جس کی وجہ سے بے شمار پیچیدہ بیماریاں جنم لے رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

علاقے کے مکینوں نے اس مکروہ دھندہ کے متعلق مقامی انتظامیہ اور ٹی ایم اے حکام کو کئی دفعہ تحریری طور پر اطلاح دی مگر ذمہ دار افسران مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔سماجی وسیاسی حلقوں نے ڈی سی اوگوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مکروں دھندہ میں ملوث گروہ کے خلاف فوری کاروائی کی جائے ۔ٹی ایم اے آفس سے رابطہ کرنے پر بتا یا گیاکہ شکایات ملی ہیں ۔جلد ان کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے گئی۔