کسانو ں کے حقوق کا تحفظ کریں گے ، گنے کے کاشتکاروں کو شوگر ملوں سے واجبات کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے، محمدشہبازشریف

پیر 13 اکتوبر 2014 21:55

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء ) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے ،گنے کے کاشتکاروں کو شوگر ملوں سے واجبات کی فوری ادائیگی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی،دھرنوں اوراحتجاج کی سیاست نے ملک کی معیشت کا قتل عام کیاہے اور ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے،دھرنے دینے والوں نے سازش کے تحت ملک وقوم سے دشمنی کی،ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کی ناپاک سازش بے نقاب ہوچکی ہے، دھرنوں کے باعث ملک وقوم کو پہنچنے والے نقصان کا دلجمعی، محنت،دیانت، عزم اور ہمت سے کام کر کے ازالہ کریں گے-سیلاب سے فیصل آباد ڈویژن کے اضلاع اور دیگر علاقوں میں بے پناہ نقصان ہوا ہے،میں نے اپنے سیاسی کیرئیر میں سیلاب کے باعث اتنے وسیع پیمانے پر تباہ کاری نہیں دیکھی،پنجاب حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث ہزاروں افراد کی جانیں بچائی گئیں،صوبائی وزراء، عوامی نمائندوں،انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کے حکام نے سیلاب کے دوران شبانہ روز محنت کی،ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں فیصل آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان ، آرپی او فیصل آباد ، ڈی سی او فیصل آباد اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اراکین اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دھرنے دینے والوں کے باعث ہمسایہ اور دوست ملک کے صدر کا اہم دورہ ملتوی ہوا۔

چینی صدر کے دورے کے دوران نہ صرف اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری کے منصوبوں اور بجلی کے پراجیکٹس کے معاہدے ہونے تھے بلکہ متعدد منصوبو ں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جانا تھا۔دھرنوں اور احتجاجی سیاست کے باعث پاکستان کی ترقی کے یہ اہم منصوبے کھٹائی میں پڑ گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بجلی کے زائد بلوں کے حوالے سے وزیراعظم اور ان کی حکومت سے رابطہ کیاہے انشاء الله جلد ازالہ ہوگا-انہو ں نے کہاکہ صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا گیاہے ،تمام ترقیاتی منصوبے نہایت شفاف طریقے سے تیز رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں -پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو کریڈٹ جاتا ہے کہ اس کا دامن کرپشن سے پاک ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ہم سب کا وطن ہے اور ہم ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے اجتماعی کاوشیں بروئے کار لائیں گے -انہوں نے کہاکہ متاثرین سیلاب کو مالی امداد کی پہلی قسط کا کام شفاف طریقے سے تیز رفتاری سے مکمل کرلیا گیاہے -سروے کی بنیاد پر گھروں اور فصلوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر دوسری قسط کی فراہمی 20اکتوبر سے شروع کر دی جائے گی-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہر ضلع میں ترقیاتی منصوبوں ، امن وامان ، تعلیم، صحت او رصاف پانی کے حوالے سے ماہانہ اجلاسوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے -نہری پانی کی چوری روکنے کے لئے محکمہ آبپاشی موثر اقدامات کرئے-جرائم پیشہ افراداور منشیات کے اڈوں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لیا جائے ۔

انہو ں نے کہاکہ صوبے میں میرٹ کی حکمرانی کو یقینی بنایاہے ،خلاف ورزی کسی صورت برادشت نہیں کروں گا -وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہسپتالو ں میں ڈاکٹروں کی خالی آسامیاں پر کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں -مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق او رسیکرٹری صحت کل فیصل آباد ڈویژن کے اضلاع کے ہسپتالوں کے دورے کریں۔