خیبرپختونخوا میں ایک اور پولیو کیس کی تصدیق ‘ تعداد 207ہوگئی

منگل 14 اکتوبر 2014 13:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اکتوبر۔2014ء) خیبرپختونخوا میں ایک اور پولیو کیس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد رواں سال ملک میں پولیو کے کیسز کی تعداد اب 207 سے تجاوز کرگئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ضلع لکی مروت سے تعلق رکھنے والے تین ماہ کے بچے معین میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ان 207 کیسز میں سے 43 ایسے کیسز ہیں جو صوبہ خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں، رواں سال سب سے زیادہ کیسز وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) میں ریکارڈ ہوئے، جہاں پر اس معذور کردینے والی بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد 136 سے تجاوز کرچکی ہے اس کے علاوہ جنوبی صوبی سندھ میں 19 ‘ بلوچستان میں چھ اور پنجاب میں رواں سال پولیو کے تین کیسز سامنے آئے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال پاکستان میں پولیو کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا جس نے اس حوالے سے گزشتہ 14 سال کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ۔

(جاری ہے)

2014ء کے اختتام میں ابھی تقریباً تین ماہ باقی ہیں اور حکام کو خدشہ ہے کہ اس تعداد میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ملک میں پولیوکے پھیلاوٴ کی روک تھام اور بچوں کو اس خطرناک بیماری سے محفوظ کرنے کیلئے مختلف شہروں کئی بار انسدادِ پولیو مہم شروع کی گئی ہیں ‘ بچوں کو گھر گھر جاکر قطرے پیمانے والی فیلڈ ٹیموں پر بڑھتے ہوئے حملوں اور سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ مہم بہت زیادہ مثبت ثابت نہیں ہوسکی ۔

ماہرین کے نزدیک فاٹا میں پولیو کے کیسز میں اضافے کی ایک بنیادی وجہ وہاں طالبان کی جانب سے پولیو کے قطرے پلانے پر پابندی ہے جس کے بعد بچوں کی ایک بڑی تعداد ویکسین سے محروم ہے۔

متعلقہ عنوان :