کامونکے، پو لیس کی سر پر ستی میں مہندی وشادی بیاہ کی تقریبات کے مواقع پر بااثر افراد کی جانب سے جدید اور آٹومیٹک ہتھیاروں سے اندھا دھند ہوائی فائرنگ کا سلسلہ تواترسے جاری ، خطرناک اور سنگین صورتحال سے پولیس کی جانب سے چشم پوشی ،شدید ہوائی فائرنگ سے علاقہ بھر میں خوف وہراس، لوگوں کی نیندیں بھی اچاٹ ہونے لگیں

منگل 14 اکتوبر 2014 14:14

کامونکے(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اکتوبر۔2014ء) پو لیس کی سر پر ستی میں سرکل کامونکے میں مہندی وشادی بیاہ کی تقریبات کے مواقع پر بااثر افراد کی جانب سے جدید اور آٹومیٹک ہتھیاروں سے اندھا دھند ہوائی فائرنگ کا سلسلہ تواترسے جاری ہے اس خطرناک اور سنگین صورتحال سے پولیس کی جانب سے چشم پوشی کے باعث ان عناصر کے حوصلے اتنے بلند ہوچکے ہیں کہ شہر اورنواحی علاقوں میں دن دیہاڑے اور رات گئے تک ہونے والی شدید ہوائی فائرنگ سے علاقہ بھر میں خوف وہراس کی فضا پیداہونے سے تھکے ماندے لوگوں کی نیندیں بھی اچاٹ ہونے لگتی ہیں اور ستم بالائے ستم ان واقعات کے دوران رونما ہونے والے ممکنہ حادثات پر کوئی دردمند شہری پولیس کو بروقت آگاہ کرکے جائے وقوع پر فوری پہنچنے کی استدعا کرتا ہے تو جوابا اسے پولیس کے توہین آمیز رویہ سے واسطہ پڑتا ہے یہاں پر یہ امر بھی انتہائی افسوسناک ہے کہ بعض اوقات پولیس اطلاع پاکر جائے وقوع پر پہنچتی ہے تو فائرنگ کے مرتکب افراد کو حراست میں لیکر ان پر مقدمہ درج کرنے کی بجائے ،،طعام،،اور نذرانہ کے عوض یا پھر اپنے پیٹی بھائیوں کے فون کالز پرواپس لوٹ آتی ہے، جبکہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق بعض افرادان مواقع پرایک گھنٹہ ،دو گھنٹہ یا پھرساری رات ہوائی فائرنگ کرنے کے عوض ٹاؤٹ اور بااثر افراد کے ذریعے پولیس سے پیشگی،، مک مکا،، کرلیتے ہیں شہریوں نے ان واقعات پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام سے اس خطرناک فعل کے مرتکب افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :