چکنائی سے بھرپور کھانے صحت کے لیے مفید بن گئے

جمعرات 16 اکتوبر 2014 13:24

چکنائی سے بھرپور کھانے صحت کے لیے مفید بن گئے

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 اکتوبر۔2014ء)چکنائی سے بھرپور کھانے صحت کے لیے مفید بن گئے۔ایسے شواہد سامنے آ رہے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ چکنائی دار کھانوں کے استعمال سے نہ صرف آپ اپنا وزن گھٹا سکتے ہیں بلکہ یہ آپ کے دل کے لیے بھی مفید ہیں۔برسوں تک ہمیں بتایا جاتا رہا ہے کہ چکنائی سے بھرپور کھانے صحت کے لیے مضر ہیں اور ان سے دل کی شریانیں تنگ ہو جاتی ہیں جس سے دل کی بیماریوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق نے چکنائی دار کھانوں سے متعلق والے پرانے خیالات کو جڑ سے ہلا دیا ہے۔

(جاری ہے)

مشہور یونیورسٹیوں ، اوکسفرڈ ، کیمبرج اور ہاورڈ کے سائنس دانوں نے چکنائی کے استعمال اور دل کی بیماریوں میں تعلق ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے۔ لیکن سائنس دان پانچ لاکھ افراد پر ہونے والی 18 تحقیقات کا جائزہ لینے کے بعد بھی کوئی ایسی حتمی شہادت ڈھونڈنے میں ناکام رہے ہیں جو ثابت کرتی ہو کہ چکنائی کا استعمال انسانی دل کے لیے مضر ہے۔

حال ہی میں سکینڈے نیویا کی ایک ریسرچ سے بھی پتہ چلا ہے کہ ایسے لوگ جو چکنائی والی خوراک یعنی دودھ دہی مکھن اور کریم کے استعمال کرنے سے مکمل پرہیز کرتے ہیں ، ان میں موٹاپے کے امکانات ان لوگوں سے زیادہ ہوتے ہیں جو دودھ اور دہی کا استعمال کرتے ہیں۔