جماعت اسلامی نے ایبولاوائرس اور ڈینگی کے حوالے سے قرارداداور تحریک التواء پنجاب اسمبلی میں جمع کروادیں

جمعرات 16 اکتوبر 2014 14:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 اکتوبر۔2014ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے ایبولاوائرس کے پیشگی اقدامات اور ڈینگی کے حوالے سے قرارداداور تحریک التواء پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادیں۔جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہاگیا ہے کہ”جنوبی افریقہ کے ممالک میں پنپنے والاایبولاوائرس امریکہ اور یورپی ممالک تک پہنچ گیا ہے اور کچھ نہیں معلوم کہ یہ کب پاکستان آن پہنچے۔

حفظ ماتقدم اور بچاؤکے لئے حکومت پاکستان اور وزارت صحت کو اس خطرناک اور موذی مرض کی روک تھام اور سدباب کے پیش نظر پیشگی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ اس کامقابلہ ہوسکے۔یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس حوالے سے فوری طور پر اقدمات کرے“۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروائی جانے والی تحریک التواء میں کہاگیا ہے کہ”ڈینگی کی روک تھام،سدباب اور آگہی کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی توجہ اور محکمہ صحت کا کردار بھرپوراور قابل توجہ رہااور اس کے نتیجے میں ڈینگی کی روک تھام ہوئی لیکن اس کے باوجود ڈینگی کامکمل خاتمہ نہیں ہوپایا۔

محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ دودنوں میں لاہور،راولپنڈی،اٹک اور چکوال سے ڈینگی کے87مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جو تشویشناک ہے۔ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہونے والاضلع راولپنڈی ہے جہاں گزشتہ48گھنٹوں میں56مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔جس سے صوبے میں ڈینگی کے مریضوں کی کل تعداد331ہوگئی ہے۔جن میں راولپنڈی میں205،لاہور میں43،شیخوپورہ میں32 اور اٹک میں8مریض ہیں۔یہ ایوان صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے ہ وہ اس حوالے سے فوری طور پر موثر اقدامات کرے۔