انڈس ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈ منسٹریشن کے درمیان معاہدے کی یادداشت پر دستخط

جمعرات 16 اکتوبر 2014 20:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اکتوبر 2014ء) انڈس ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈ منسٹریشن (آئی بی اے )کے درمیان معاہدے کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت انڈس ہسپتال اور آئی بی اے فیکلٹی ، ماہرین، طلباء اور عوام کے درمیان تعلیمی تحقیق اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے حوالے سے تعاون کریں گے۔ معاہدے پرانڈس ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبد الباری خان اور آئی بی اے کے ڈین اینڈ ڈائریکٹر ڈاکٹر عشرت حسین نے دستخط کئے ۔

انڈس ہسپتال اور آئی بی اے پوسٹ گریجویٹ تعلیمی و تربیتی پروگراموں، سرٹیفکیٹ کورس اور تحقیقی سرگرمیوں کیلئے عالمی سطح پر معروف اداروں کے ساتھ تعاون اور الحاق کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے۔ واضح رہے آئی بی اے اسکالرشپ اور تحقیقی پروگراموں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے اور اپنے انڈر گریجویٹ، گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے اعلٰی تعلیمی معیار کے وجہ سے عالمی شہرت رکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

آئی بی اے 2005ئسے عالمی معیار کے پروفیشنل منیجرزاور انٹرپرنیورز فراہم کررہا ہے۔ انڈس ہسپتال پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد ہسپتال ہے جو جدیدترین طریقے سے لوگوں کو ان کی ضروریات کے مطابق خصوصی طبّی سہولیات بالکل مفت فراہم کررہاہے۔انڈس ہسپتال 2007ء میں اپنے قیام سے اب تک تقریباً18لاکھ سے زائد مریضوں کو مفت علاج کی سہولتیں فراہم کرچکا ہے۔

کراچی کے پسماندہ اور علاج کی سہولتوں سے محروم طبقے کیلئے علاج کی مفت اور اعلیٰ سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے انسانیت کے جذبے سے سرشار کچھ ڈاکٹر اور تاجروں کی جانب سے انڈس ہسپتال کا قیام 2007ئمیں عمل میں لایا گیا۔ اپنے متعلقہ شعبوں میں مہارت اور شہرت حاصل کرنے والے دونوں اداروں انڈس ہسپتال اور آئی بی اے کے تعاون نے عام آدمی کو اعلیٰ ترین سہولیات فراہم کرنے کا سنگِ بنیاد رکھا ہے۔