لاہور ہائیکورٹ نے سروسز ہسپتال کے 94ڈیلی ویجزسکیورٹی گارڈز کی برطرفیا ں روک دیں ، سیکرٹری صحت پنجاب سے جواب طلب کر لیا

جمعہ 17 اکتوبر 2014 15:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 اکتوبر۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے سروسز ہسپتال کے 94ڈیلی ویجزسکیورٹی گارڈز کو نوکریوں سے برطرف کرنے سے روکتے ہوئے سیکرٹری صحت پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عائبد عزیز شیخ نے کیس کی سماعت کی۔عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ وہ سات سے ڈیلی ویجز ملازم کی حیثیت سے سروسز ہسپتال میں تعینات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ تجربہ کار پرانے ملازمین کو مستقل کرنے کی بجائے سیاسی بنیادوں پر اپنے من پسند افراد تعینات کرنے کے لئے انہیں نوکریوں سے برطرف کر رہی ہے جو کہ بنیادی حقوق کی واضح خلاف ورزی ہے۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ڈیلی ویجز ملازمین کو کنٹریکٹ پر رکھا جا سکتا ہے یا مستقل کیا جا سکتا ہے انہیں نوکریوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔جس پر عدالت نے سروسز ہسپتال کے 94ڈیلی ویجزسکیورٹی گارڈز کو نوکریوں سے برطرف کرنے سے روکتے ہوئے سیکرٹری صحت پنجاب سے بیس اکتوبرکو جواب طلب کر لیا۔