خیبرایجنسی اور جنوبی وزیرستان میں پولیو سے دو مزید بچے متاثر

ہفتہ 18 اکتوبر 2014 14:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 اکتوبر۔2014ء) قبائلی علاقوں خیبرایجنسی اور جنوبی وزیرستان میں معذور کردینے والی بیماری پولیو سے دو مزید بچے متاثر ہوگئے ہیں۔ جس کے بعد 2014ء میں اب تک ملک بھر میں پولیو سے متاثر ہونے بچوں کی تعداد 209 تک جاپہنچی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے ذرائع کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ کے گاوٴں اکاخیل کی اٹھارہ ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا سے تعلق رکھنے والی آٹھ ماہ کی بچی میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد فاٹا میں پولیو کیسز کی تعداد 138 تک پہنچ گئی ۔

واضح رہے کہ قبائلی علاقوں کے بعد پولیو کے سب سے زیادہ کیسز خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد 43 ہے۔دوسری جانب اس سال سندھ میں 19 بلوچستان میں 6 اور پنجاب میں تین کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ چند روز پہلے ہی عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او )نے کہا تھا کہ پاکستان پولیو پر قابو پانے میں ناکام رہا ہے۔عالمی ادارہ صحت کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں پاکستان کو عالمی سطح پر پولیو کے خاتمے کے ہدف کے حصول میں سب سے بڑا اور واحد خطرہ قرار دیا تھا۔