انسدادڈینگی اقدامات کے تحت رواں سال کے دوران سرویلنس، اب تک فیصل آبادضلع بھر میں 23لاکھ 64ہزار957گھروں کو ڈینگی لاروا کے حوالے سے چیک کیا گیا

ہفتہ 18 اکتوبر 2014 15:01

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 اکتوبر۔2014ء) انسدادڈینگی اقدامات کے تحت رواں سال کے دوران سرویلنس کرتے ہوئے اب تک ضلع بھر میں 23لاکھ 64ہزار957گھروں کو ڈینگی لاروا کے حوالے سے چیک کیا گیا جس میں رواں ماہ میں چیک کئے گئے ایک لاکھ 97ہزار155گھر بھی شامل ہیں اس دوران 324گھروں میں ڈینگی لاروا پازیٹو پایا گیا جن کا کیمیکل ٹریٹمنٹ کے ذریعے صفایا کردیا گیا۔

یہ بات ڈی سی اونورالامین مینگل کی زیرصدارت انسدادڈینگی اقدامات کی پیش رفت کاجائزہ لینے سے متعلق منعقدہ ہفتہ وار اجلاس کے دوران بتائی گئی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ رواں سال میں اب تک 63لاکھ 57ہزار366پانی کے کنٹینرز کو بھی چیک کیا گیا جن میں 339میں ڈینگی لارواپازیٹو پایا گیا جن کا خاتمہ کرنے کے لئے سائنسی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں ڈینگی لاروا کی افزائش کا موجب بننے والوں کیخلاف ماہ مارچ سے ستمبر تک مختلف تھانوں میں 1312مقدمات درج کرائے گئے جبکہ رواں ماہ اکتوبر کے گزشتہ ہفتہ میں 79،ایف آئی آرز درج کرائی گئی ہیں۔

ڈی سی او نے اعدادوشمار کاجائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ قبرستانوں،کباڑاورٹائروں کی دکانوں کوباربار چیک کریں اور رواں موسم میں ڈینگی مچھر کے کاٹنے کے خطرہ سے بچنے کے لئے موثرانداز میں آگاہی مہم چلائی جائے کیونکہ ہلکی سردی کی وجہ سے ڈینگی مچھر گھروں کے اندرداخل ہوکر متاثرکرسکتا ہے لہذا حفاظتی واحتیاطی تدابیر کے بارے میں احساس دلایاجائے۔

متعلقہ عنوان :