وزیر اعظم کا انسداد پولیو کیلئے آرمی چیف ، وزرائے اعلیٰ کی خدمات لینے کا فیصلہ

منگل 21 اکتوبر 2014 13:34

وزیر اعظم کا انسداد پولیو کیلئے آرمی چیف ، وزرائے اعلیٰ کی خدمات لینے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر 2014ء) وزیر اعظم نواز شریف نے انسداد پولیو کے لیے آرمی چیف جنرل راحیل اور وزرائے اعلیٰ کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے ، موثر پولیو مہم کے لیے احتساب کا عمل شروع کرنے اور سفری پابندیوں کے لیے ائیرپورٹس پر قائم امیگریشن کاؤنٹر کی چیکنگ کا نظام سخت کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نواز شرییف نے انسداد پولیو کے حوالے سے خود میدان میں آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم 24 اکتوبر کو عالمی پولیو ڈے کے موقع پر اہم اعلانات کریں گے۔ وزیر اعظم نے ملک بھر میں انسداد پولیو کے لیے آرمی چیف اور وزرائے اعلیٰ کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم اس حوالے سے آرمی چیف اور وزرائے اعلیٰ کو خط لکھیں گے۔

(جاری ہے)

نیشنل پولیو ٹاسک فورس کا اجلاس 1سال بعد بلانے کے بجائے ہر 3 ماہ بعد بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ، وزیر اعظم نے شورش زدہ علاقوں میں پولیو کے خاتمے کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ خصوصی کمیٹی وزیر داخلہ ، وزیر دفاع اور وزیر قومی صحت پر مشتمل ہوگی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ایک اور بین الوزارتی اعلیٰ سطحی رابطہ کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ کمیٹی وزیر قومی صحت کی سربراہی میں پولیو پروگرام کے لیے وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ وزیر اعظم نے موثر پولیو مہم کے لیے احتساب کا عمل شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، پولیو مہم کے لیے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :