ڈینگی کی افزائش کے حوالے سے آئندہ 2ہفتے انتہائی اہم ہیں‘ خواجہ سلمان رفیق

منگل 21 اکتوبر 2014 16:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 اکتوبر۔2014ء) ڈینگی مچھر کی افزائش کے حوالے سے آئندہ 2-3ہفتے انتہائی اہم ہیں اگر موجودہ رفتار سے تمام متعلقہ محکموں کی طرف سے ڈینگی کی روک تھام کے اقدامات جاری رہے تو کسی غیرمعمولی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، موسم میں تبدیلی کے ساتھ کھلی جگہوں میں لاروا رپورٹنگ کم ہوگئی ہے اور مچھر نے گھروں کے اندر کا رخ کر لیا ہے لہٰذا ڈینگی سرویلنس ٹیموں کو انڈور سرویلنس پر زیادہ توجہ دینا ہوگی۔

یہ بات مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، ای ڈی او لاہور ڈاکٹر ذوالفقار علی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ویکٹر بارن ڈیزیز ڈاکٹر اسلام ظفر، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر معاذ احمد، ڈاکٹر صومیہ اقتدار، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ راولپنڈی، تمام ٹاؤنز کے انچارج محکموں کے سینئرافسران، PITBکے ڈائریکٹر جنرل، سپیشل برانچ، کنٹونمنٹ بورڈ اور محکمہ موسمیات ، محکمہ اطلاعات و ثقافت کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اسلام ظفر نے بتایا کہ لاہور اور راولپنڈی کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 113مریض زیرعلاج ہیں جن کی مکمل نگہداشت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال راولپنڈی شہر ڈینگی سے زیادہ متاثر ہوا ہے جبکہ لاہور ، شیخوپورہ میں صورتحال کنٹرول میں ہے۔ ڈی سی اولاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی سرگرمیوں کے حوالے سے آؤٹ ڈور اور انڈور ڈینگی سرویلنس کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ماہرین کی گائیڈ لائنز کے مطابق جس جگہ سے ڈینگی لاروا ، ڈینگی مچھر ملتا ہے وہاں ٹارگٹڈ فوگنگ اور انڈور سپرے کیا جا رہا ہے۔ نیز ڈینگی مریضوں کے گھروں میں بھی کیس رسپانس کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں نے ڈینگی کی روک تھام کے سلسلے میں اپنے اپنے اقدامات کے بارے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال سخت محنت کی متقاضی ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ راولپنڈی میں ڈینگی کنٹرول پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی آئندہ چند روز میں دوبارہ راولپنڈی کا دورہ کرکے صورتحالکا جائزہ لیں گے۔

متعلقہ عنوان :