مشیر صحت پنجاب کی زیرصدارت سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں اجلاس،حفاظتی انتظامات اور ممکنہ مریضوں کے علاج کے پروٹوکول پر تبادلہ خیال

منگل 21 اکتوبر 2014 16:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 اکتوبر۔2014ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اور محکمہ صحت ایبولا وائرس کی ممکنہ آمد کو روکنے اور وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج معالجہ کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گی اور اس سلسلہ میں عالمی ادارہ صحت اور طبی ماہرین کی گائیڈ لائنز پر عمل کیاجائے گا۔انہوں نے یہ بات سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزمیں ایبولا وائرس کی روک تھام اور ممکنہ مریضوں کے علاج کے انتظامات کے سلسلہ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز، پرنسپل SIMS پروفیسر ڈاکٹر حامد محمود بٹ، پروفیسر ڈاکٹر عزیزالرحمن، پروفیسر غزالہ جعفری، ایسوسی ایٹ پروفیسر ثوبیہ قاضی، پروفیسر ڈاکٹر جاوید گردیزی، ڈائریکٹر ہیلتھ (CDC) ڈاکٹر احمد عفیفی، ایم ایس سروسز ہسپتال کیپٹن (ر) محمد ظفر، ڈائریکٹر ایمرجنسی سروسز ہسپتال ڈاکٹر محمداشرف اور ڈاکٹر یحییٰ بٹ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ثوبیہ نے اجلاس کو بتایا کہ ایبولا وائرس انتہائی مہلک مرض ہے جس میں 70سے 80فیصد تک شرح اموات ریکارڈ کی گئی ہے۔ پروفیسر گردیزی نے کہا ہے کہ ایبووائرس افریقی ممالک کی بیماری ہے اور صرف وہی لوگ اس وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں جو مذکورہ ممالک کا سفر کریں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال پاکستان میں اس مرض کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں تاہم ایئرپورٹس پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کے اقدامات ضروری ہیں۔

اجلاس میں ایبولاوائرس کی ممکنہ آمد کے پیش نظر ماہرین کی ٹیم نے وائرس کے پھیلاؤ اور مریضوں کے علاج کے انتظامات بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر ثوبیہ قاضی نے کہا کہ ایبولاوائرس کے مریض کو کم از کم 21دن آئسولیشن میں رکھنا پڑتا ہے اور اس کے علاج معالجہ میں حصہ لینے والے ڈاکٹرز ، نرسز اور دیگر سٹاف کیلئے مخصوص حفاظتی لباس کا پہننا انتہائی ضروری ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز نے کہا کہ محکمہ صحت ایبولاوائرس کی روک تھام اور مریضوں کے علاج کے سلسلہ میں عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ایک ایمبولنس لاہور ایئرپورٹ پر مخصوص کر دی جائے گی جو ضرورت پڑنے پر مریض کو ہسپتال شفٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایبولاوائرس کے مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈ خصوصی طور پر تیار کرنے کے بھی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں شریک سینئر طبی ماہرین نے کہا کہ وہ ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس سلسلہ میں SIMSکے ماہرین چند دنوں کے اندر اپنی سفارشات مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو پیش کر دیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے محکمہ صحت کو اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لوگوں کی زندگیاں بچانے کیلئے جتنے بھی وسائل درکار ہوئے، حکومت فراخدلی کے ساتھ فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :