شعبہ صحت کیلئے 121ارب 80 کروڑ روپے مختص، پنجاب کے بجٹ کا11.66 فیصد ہے‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

منگل 21 اکتوبر 2014 16:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 اکتوبر۔2014ء) وزیرایکسائز وٹیکسیشن ، خزانہ ، قانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ دماغی امراض کے اداروں اور ہسپتالوں کے لئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح محکمہ تعلیم اور صحت ہیں اور ان شعبوں کے لئے حکومت نے بجٹ کا بڑا حصہ مختص کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ہمیں اپنے مذہب سے راہنمائی اور ثقافتی روایات پر عمل کرتے ہوئے مشترکہ خاندانی نظام کو فروغ دینا چاہیے تاکہ ایسے مریضوں کا گھر کے دوسرے افراد خیال رکھ سکیں- غیر سرکاری فلاحی تنظیم کے وفد سے ملاقات کے دوران مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ ایسے افراد و ادارے قوم کا اثاثہ ہیں جو دکھی انسانیت کی خدمت کرتے ہیں اور انہوں نے اپنے وسائل کا ایک بڑا حصہ بیماروں خصوصاً دماغی امراض میں مبتلا مریضوں کے لئے مختص کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشرے کو دماغی امراض میں مبتلا مریضوں کا خیال رکھنا چاہیے کیونکہ ایسے افراد اپنا خود خیال نہیں رکھ سکتے ۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے 121-ارب 80 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جو پنجاب کے بجٹ کا11.66 فیصد ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ 4- ارب روپے سے ہیلتھ انشورنس سکیم کا اجراء بھی کیا جارہا ہے-جس سے کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں گے- انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ افراد کو صحت کی معیاری سہولیات و ادویات کی فراہمی کے لئے 8 -ارب75 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماں و بچوں کی صحت کے منصوبوں کے لئے 1 - ارب 80 کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں ترقیاتی سکیمیں شروع کرنے کے لئے 17 ارب روپے کی کثیر رقم فراہم کی گئی ہے تاکہ ایسے منصوبوں کے ذریعے عوام کو علاج ومعالجہ کی معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :