2014 کے دوران اب تک 207 بچے پولیو کا شکار ہوچکے ہیں ‘ وزارت صحت

بدھ 22 اکتوبر 2014 15:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر۔2014ء) وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران پولیو کے خاتمے کیلئے36 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم خرچ کی گئی تاہم اس کے باوجود 6 سال میں 906 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں صرف رواں سال 207 رجسٹر ہوئے ہیں۔سپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزارت صحت کی جانب سے پولیو کیسز سے متعلق سوالات کا تحریری طور پر جواب دیا گیا۔

(جاری ہے)

جواب میں کہا گیا کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران پولیو کے خاتمے کے لئے 38 کروڑڈالر سے زائد رقم خرچ کی گئی تاہم اس کے باوجود 6 برسوں کے دوران ملک بھر میں پولیو کے 906 کیسز رجسٹر ہوئے جن میں سے 207 رواں سال سامنے آچکے ہیں۔تحریری جواب میں کہا گیا کہ رواں سال فاٹا میں سب سے زیادہ 136 کیسز رجسٹرہوئے، اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں پولیو کے 43، سندھ میں 19 ، بلوچستان میں 6 اور پنجاب میں 3 کیس رجسٹر ہوئے، شمالی وزیرستان میں 69 جبکہ جنوبی وزیرستان میں پولیو کے 16 کیسز رجسٹر ہوئے، سندھ میں سب سے زیادہ کراچی کے گڈاپ ٹاوٴن میں پولیو کے 9 کیسز رجسٹرہوئے۔

متعلقہ عنوان :